بلوچستان کے تدریسی اداروں میں تعلیم کے دروازے بند کیے جارہے ہیں، کوئٹہ بار
کوئٹہ (آن لائن) سردار بہادر خان یونیورسٹی کے فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کے طالبات کے پر امن احتجاجی مظاہرے پر انتظامیہ اور پولیس کی لاٹھی چارج کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک عابد کاکڑ ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری چنگیز حئی بلوچ ایڈووکیٹ اپنے ایک مذمتی بیان میں یونیورسٹی انتظامیہ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان میں آئے روز تمام جامعات میں طلبا و طالبات کو ہراساں کیا جاتا ہے، جان بوجھ کر بلوچستان کے تدریسی اداروں میں تعلیم کے دروازے بند کیے جارہے ہیں۔ کوئٹہ بار ایسوسی ایشن یونیورسٹی انتظامیہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ جلد سے جلد طالبات کے مطالبات کو حل کرکے تدریسی عمل کو بحال کیا جائے، فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کھولے ہوئے کئی سال ہوگئے لیکن ایچ ایس سی ان کو ریکگنائز نہیں کررہا، جس کی وجہ سے ان کا قیمتی تعلیمی وقت ضائع ہورہا ہے، آج کل تعلیمی ادارے بچیوں اور بچوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں، جو آنے والے وقت میں نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ ہم اپنی بچیوں کے مستقبل کے ساتھ کسی صورت کمپرومائز نہیں کریں گے۔


