لوگوں کو لاپتہ کیا گیا تو ان کی پیشی کی ذمہ داری الیکشن کمیشن پر عائد ہو گی،حافظ نعیم الرحمن
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم کر لے ، ایسا انتخاب جس میں لوگوں کو آنے ہی نہ دیا جائے وہ کالعدم ہونا چاہیے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شہر کے 9 ٹائون ہم جیت چکے ہیں، ہماری اکثریت ہے، چیئرمین اور وائس چیئرمین ہمارے ہمراہ ہیں۔انہوںنے کہا کہ الیکشن کے بعد پیپلز پارٹی نے نتائج تبدیل کیے، ہم نہیں چاہتے کہ عوام کے منتخب لوگ مفاد یا خرید و فروخت کے نتیجے میں الیکشن سے محروم ہوں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ میئر کے الیکشن کے خلاف عدالت میں جائیں، پیپلز پارٹی کو پیشکش ہے کہ نتیجے کو تسلیم کرے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم کراچی کی ترقی کے لئے کام کریں گے، 4 ٹائون ہم سے چھینے گئے ہیں، وہ تمام ٹائون واپس لے کر آئیں گے۔امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے کہا کہ میئر کا الیکشن ہے، ہمارے اتحاد کے 193 اور پیپلز پارٹی کے 173 ووٹرز ہیں، مسلم لیگ ن کا علم نہیں کہ ان کا اتحاد کس کے ساتھ ہے، جمہوریت اور قانون یہ ہے کہ 193 والے کو حکومت بنانے دی جائے۔امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم کر لے، ہم اپنے اختلافات بھلا کر ورکنگ ریلیشن شپ رکھیں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ اب اس شہر کو مزید تباہ نہیں ہونے دے سکتے، اگر کچھ لوگوں کو لاپتہ کیا گیا تو ان کی پیشی کی ذمے داری الیکشن کمیشن پر عائد ہو گی۔


