وزیراعظم شہباز شریف فرانس روانہ ہوگئے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف فرانس روانہ ہوگئے ہیں جہاں ان کی نیوگلوبل فنانشل پیکٹ کے حوالے سے 22 اور 23 جون کو پیرس میں ہونے والی سربراہی کانفرنس میں آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات بھی متوقع ہے۔روانگی سے قبل سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی، قدرتی آفات، بڑھتے قرض اور توانائی جیسے چیلنج خطرے کی گھنٹی ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ عالمی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات طویل عرصے سے اہم مطالبہ رہا ہے، یہ مطالبہ عالمی ماہرین اور رہنما مختلف فورمز پر کرتے رہے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مسائل کی عالمگیریت نے غور کرنے کے لیے تخلیقی نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا ہے، نیو گلوبل فنانسنگ پیکٹ سمٹ موقع ہے عالمی مالیاتی نظام میں جامع اصلاحات اور اقدامات پر متفق ہونے کا۔انہوں نے کہا کہ دورہ فرانس میں عالمی مالیاتی اداروں کی تنظیم نو کی ضرورت پر موقف پیش کروں گا۔وزیراعظم کا یہ بھی کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ملک کے طور پر پاکستان اس کردار کے لیے بہتر پوزیشن میں ہے۔