بولان میں بارش کے بعد این 65 شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ، مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹانے کا کام جاری، ضلعی انتظامیہ

بولان (یو این اے) ضلع کچھی میں پری مون سون بارشوں کے آغاز کے ساتھ ہی مواصلاتی نظام کو بحال رکھنے کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں ایکس سی این تعمیرات و مواصلات کچھی صاحبزادہ محمد آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ این 65 بولان قومی شاہراہ پر پنجرہ پل سے دربی ناکہ کے مقام تک حالیہ بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس سے شاہراہ پر چھوٹے بڑے پتھر گرنے کے باعث ٹرانسپورٹرز اور عام پبلک کو شدید مشکلات کا سامنا تھا عوام اور مسافروں کی سہولت کے پیش نظر محکمہ مواصلات کی بھاری مشینری اور انتھک محنتی عملے کے ذریعے شاہراہ سے لینڈ سلائیڈنگ کے ملبے کو ہٹانے کا کام تیزی سے جاری ہے صاحبزادہ محمد آصف نے مزید بتایا کہ صوبائی وزیر میر سلیم خاں کھوسہ اور سیکریٹری بابر خاں کی خصوصی ہدایات پر تمام عملے اور مشینری کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے ضلع کچھی بولان کی تمام شاہراں پر بارشوں کے نتیجے میں ہونے والی کسی بھی لینڈ سلائیڈنگ سے نمٹنے کے لیے تمام محدود دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے ضلع بھر میں جاری عوامی ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام منصوبوں میں مکمل شفافیت کی نگرانی کی جا رہی ہے تمام متعلقہ ٹھیکیداروں کو سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ کام کو مقررہ وقت پر مکمل کریں تاکہ عوام ان ترقیاتی منصوبوں سے جلد از جلد مستفید ہو سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں