وڈھ میں حالات خراب کرنیوالے اسٹیبلشمنٹ کے پروردہ عناصر یہ نہ سمجھیں کہ سردار اختر مینگل تنہا ہیں، بی این پی
کوئٹہ (این این آئی) بی این پی ضلع کوئٹہ کی کابینہ کا اجلاس پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ممبر سی ای او و ضلعی صدر کوئٹہ میر غلام نبی مری منعقد ہوا جس میں ضلعی کابینہ کے اراکین میر جمال لانگو، ملک محی الدین لہڑی، طاہر شاہوانی ایڈووکیٹ، ڈاکٹر علی احمد قمبرانی، نسیم جاوید ہزارہ، میر اکرم بنگلزئی، ملک عطا اللہ کاکڑ، باجی منورہ سلطانہ اور پرنس رزاق بلوچ نے شرکت کی۔ اجلاس میں 24 جون کو کوئٹہ شہر میں منشیات اور سریاب و دیگر علاقوں کی سڑکوں کی خستہ حالی اور دیگر گمبھیر مسائل کیخلاف احتجاجی ریلی نکالنے کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ اجلاس میں تمام کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اس ریلی میں بھرپور شرکت کرکے حکومت وقت کو مجبور کریں کہ وہ عوام کے بہتر مفادات کو مدنظر رکھ کر سریاب روڈ، قمبرانی روڈ، مشرقی اور مغربی بائی سمیت شہر کی دیگر سڑکوں کے تعمیراتی کام کو فی الفور ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے اور شہر سے منشیات فروشی کے تمام اڈوں کا قلع قمع کرکے نئی نسل کو تباہی سے بچانے کے لئے ایمرجنسی بنیادوں پر آپریشن شروع کرے۔ اجلاس میں قائد بلوچستان سردار اختر مینگل کے آبائی علاقہ وڈھ کے حالات کو خراب کرنے اور مینگل قبیلہ پر ظلم و ستم کا بازار گرم کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور بدنام زمانہ عناصر کی بدمعاشی اور غنڈہ گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اسٹیبلشمنٹ کے پروردہ عناصر یہ نہ سمجھیں کہ سردار اختر مینگل تنہا ہیں، ہم بہ بانگ دہل کہتے ہیں کہ سردار اختر مینگل بلوچستان کی ریڈ لائن ہے، جس کو کراس کرنا بلوچستان کے عوام کے غیض و غضب کو آواز دینے کے مترادف ہوگا۔


