وڈھ میں فریقین مزید پیش قدمی نہیں کریں گے، فرنٹ کے مورچوں پر حکومتی فورسز کی تعیناتی زیر غور

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وڈھ کی کشیدہ صورتحال کو حل کرنے کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی کو فریقین کے دونوں رہنماﺅں نے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ یقینی طور پر وڈھ کی صورتحال کو ایک تشویشناک صورتحال قرار دیا جاسکتا ہے۔ ابتدائی مرحلے کے بعد اس مسئلے پر مزید پیش رفت اور بات چیت ہوگی، بعض خدشات کو حل کرنے کیلئے فریقین نے مستحکم گارنٹی طلب کی ہے۔ اس بارے میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں پارلیمانی گروپ مزید مشاورت کرکے فریقین سے جلد پھر ملاقات کرکے مسئلے کا حل نکالے گا۔ فریقین نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ مزید پیش قدمی نہیں کریں گے اور جنگ بندی کی مکمل پابندی کریں گے، اس حوالے سے فریقین کو اپنے مورچے خالی کرانے کا کہا گیا، سوائے ایک دو جگہوں کے فریقین نے حامی بھر لی ہے تاہم فرنٹ کے مورچوں پر حکومتی فورسز کی تعیناتی کے بارے میں صوبائی کمیٹی مشاورت کرے گی۔ وزیر داخلہ کے مطابق صوبائی حکومت کی رٹ کو کسی حد تک کمزور کرنے کی کوشش کی گئی، اس کو بحال کرنے کی ذمہ داری ہماری ہے اور ہم اس ذمہ داری کو پورا کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں