بلوں کی ریکوری کیلئے بجلی کی بندش کو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ تصور نہ کیا جائے، کیسکو ترجمان

کوئٹہ (آن لائن) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے ترجمان نے کہاہے کہ کیسکو کے زیر انتظام مختلف علاقوں میں زیادہ نقصانات والے فیڈروں پر بلوں کی ریکوری کے تناسب سے لوڈ مینجمنٹ کی جارہی ہے جبکہ گرمی کی شدت میں بتدریج اضافے کے باعث کیسکو کی بجلی کی ڈیمانڈ میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ ترجمان نے مزیدکہاکہ مختلف علاقوں میں بجلی فراہم کرنے والے فیڈروں یا ٹرانسفارمرز میں فنی خرابی پیش آرہی ہے اور اس دوران فنی خرابی کے باعث ہونے والی بجلی کی بندش کو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ تصور نہ کیا جائے صارفین کی شکایات کے جلد ازالہ کے لئے کیسکو کا متعلقہ کمپلینٹ سینٹر اور فیلڈ اسٹاف مذکورہ خرابی کو دورکرنے کیلئے ہمیشہ مصروف عمل رہتے ہیں۔ترجمان نے کہاکہ صارفین بجلی بندش اور دیگر شکایات کے سلسلے میں اپنے بجلی بلوں پر درج کمپلینٹ سینٹر سے رابطہ کریں اور اپنے بل کا حوالہ نمبر بطور ریفرنس ضروردرج کروائیں تاکہ ان کی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایاجاسکے۔کیسکوترجمان نے مزیدکہاکہ کیسکوفیلڈآپریشن عملہ کی اولین کوشش ہے کہ صارفین کی شکایات کا کم از کم وقت میں ازالہ کیاجائے نیز شکایات کے بروقت ازالہ نہ ہونے کی صورت میں صارفین کیسکوکے مرکزی کمپلینٹ سینٹر (0819201445)پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں نیز اپنے موبائل سے 118پر کال کرنے کے علاوہ بذریعہ میسج (SMS)8188پر بھی اپنی شکایات درج کرواسکتے ہیں۔علاوہ ازیں کیسکونے تمام صارفین بالخصوص زرعی صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بلوں کی بروقت ادائیگی کے ساتھ ساتھ اپنے ذمہ بقایاجات بھی فوری طور پر جمع کرائیں کیونکہ کیسکوبذات خود بجلی بیچنے اور پھر اسے فروخت کرنے والی ایک کمپنی ہے جوکہ بغیر ادائیگی کسی بھی صارف کو بجلی فراہم نہیں کرسکتی ہے۔کیسکوترجمان نے مزیدکہاکہ بجلی کی طلب اور رسد میں نمایاں فرق کے باعث کیسکوایک بہترین حکمت عملی کے تحت لوڈ منیجمنٹ پلان ترتیب دیا ہے۔لہذا تمام صارفین سے التماس ہے کہ وہ بجلی کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں اور صرف ضرورت کے وقت بجلی کا استعمال کریں تاکہ تمام صارفین کو بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں