کوئٹہ میں جھلسا دینے والی گرمی، بجلی کی طویل بندش کیخلاف شہری سڑکوں پر آگئے

کوئٹہ (آن لائن)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں جھلسا دینے والی گرمی کے دوران بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سراپا احتجاج ہے کوئٹہ کے مختلف علاقوں ، جیل روڈ، قمبرانی روڈ، اسپنی روڈ، پودگلی چوک ، کلی دیبہ سمیت مختلف علاقوں میں لوگوں نے ٹائر جلا کر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کردی شہریوں کا مطالبہ ہے کہ شدید گرمی جب کوئٹہ میں درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ سے تجاوز کررہا ہے اور گرمی کے موسم میں شہریوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی معطل کرکے ان کی مشکلات میں اضافہ کررہا ہے بجلی کی بندش کے باعث لوگوں کے کاروباری امور ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں جبکہ عید بھی قریب ہے درزیوں سمیت تاجر برادری کا کام بھی بری طرح متاثر ہورہا ہے علاقہ مکینوں کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں علاقہ مکینوں اور متعدد تنظیموں اور علاقے کے منتظمین نے کیسکو چیف اور دیگر اعلیٰ حکام سے متعدد بار رابطے کر کے بجلی کی طویل بندش کے خلاف آگاہی فراہم کی ہے لیکن کیسکو حکام کی جانب سے یقین دہانیوں اور تسلیوں کے باوجود بجلی کی بندش کا سلسلہ کم ہونے کی بجائے بڑھتا جارہا ہے جس کی وجہ سے جھلسا دینے والی گرمی میں شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے مظاہرین اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ کیسکو حکام اور صوبائی حکومت ارباب اختیار شدید گرمی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقنی بنائے تاکہ شہریوں کو اس مشکل سے چھٹکارا مل سکے۔ روڈ بلاک ہونے کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں اور لوگوں کو آنے جانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ اور بعد میں مظاہرین نے انتظامیہ کی یقین دہانی پر اپنے احتجاج کو ختم کرتے ہوئے مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں