ڈیرہ اللہ یار، زرعی پانی کی عدم فراہمی کیخلاف کاشتکار سراپا احتجاج، مرکزی شاہراہ پر دھرنا
ڈیرہ اللہ یار (این این آئی) ڈیرہ اللہ یار میں زرعی پانی کی عدم فراہمی کے خلاف ج±ھڈیر شاخ کے کاشتکار سراپا احتجاج بن گئے، میر نصیب اللہ کھوسہ کی قیادت میں کاشتکاروں نے چلچلاتی دھوپ میں احتجاج کرتے ہوئے ایری گیشن گیٹ کے سامنے شاہراہ پر دھرنا دیا جسکے باعث سندھ پنجاب اور بلوچستان کی ٹریفک معطل ہوگئی اور دونوں اطراف سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، مظاہرین نے زرعی پانی کی عدم فراہمی اور ایری گیشن حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی، اس موقع پر جھڈیر شاخ کے زمیندار میر نصیب اللہ کھوسہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایری گیشن حکام سندھ سے بلوچستان کے حصے کا پانی حاصل کرنے کی بجائے بھاری رقم لیکر پٹ فیڈر کینال کی ذیلی نہروں سے پانی چوری کروا رہے ہیں، جھڈیر شاخ میں پانی کی عدم فراہمی کے باعث نہر میں ریت اڑ رہی ہے، کاشتکار خریف سیزن میں چاول کی فصل کاشت کرنے کے لیے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، ہمارے حصے کا پانی چوری کرکے صوبائی وزراءاور اراکین اسمبلی سمیت بڑے زمینداروں کو فروخت کیا جا رہا ہے، چھوٹے زمیندار اور کاشتکار فصل کی کاشت کے لیے اپنے حصے کا پانی بھی بھیک کی طرح مانگنے پر مجبور ہیں، گزشتہ سال سیلاب کے باعث چاول کی فصل تباہ ہوئی اور کروڑوں کا نقصان ہوا رواں سیزن میں زرعی پانی کی عدم فراہمی کے سے ہماری فصل کاشت نہیں ہو رہی، انہوں نے کہا کہ ایری گیشن حکام ہماری فریاد سننے کو تیار نہیں، انکا مزید کہنا تھا کہ ذیلی نہروں میں سیکڑوں غیر قانونی پائپ لگے ہوئے ہیں جنکے ذریعے پانی چوری کرکے فروخت کیا جا رہا ہے، ہمیں ہمارے حصے کا زرعی پانی فراہم نہیں کیا گیا تو ایری گیشن دفتر کا گھیراو کرینگے۔


