لیویز بھرتیوں میں غیر قانونی حربے، ژوب سے تعلق رکھنے والے دو اہلکار جبری ریٹائرڈ کردیے گئے
کوئٹہ (یو این اے) ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس نصیب اللہ کاکڑ نے گزشتہ دنوں ضلع ژوب سے تعلق رکھنے والے لیویز اہلکاران جنہیں حالیہ لیویز میں بھرتی کیلئے جسمانی، ٹیسٹ اور انٹرویوز کے لیے ٹرک اڈہ پر سیکورٹی فرائض کیلئے تعینات کیے گئے تھے۔ انکوائری کے مطابق مذکورہ لیویز اہلکاران انتظامیہ اور امیدواروں کے درمیان بھرتی کے عمل میں خلل ڈالنے میں ملوث پائے گئے اور غیر منصفانہ طریقے استعمال کرتے رہے جس کی وجہ سے پورا عمل مشکوک ہوا، یہ عمل لیویز قوانین کے مطابق نافرمانی بد سلوکی کے معنی میں آتا ہے۔ بلوچستان لیویز فورس کے ڈسپلنری رولز، 2015ءکے سیکشن 4 (1) (b) (II) کے تحت اور انکوائری آفیسر کی سفارش پر ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز نے مذکورہ ملازمین جن میں دفعدار بہار خان اور رسالدار زمان خان شامل ہیں کے "جبری ریٹائرمنٹ” کا حکم جاری کردیا۔دریں اثنا ایک اور جاری حکمنامے کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب میں گزشتہ دنوں لیویز فورس میں بھرتیوں کے دوران اقربا پروری اور میرٹ کی پامالی میں ملوث لیویز فورس کے متعدد ملازمین کو ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس نصیب اللہ کاکڑ نے ملازمت سے جبری ریٹائرڈ کردیا ہے ، قانونی احکامات کی نافرمانی پر بلوچستان لیویز فورس کے تادیبی قوانین 2015 کے سیکشن 4 (1) (a) (II) (III) (IV) اور بلوچستان لیویز فورس ڈسپلنری رولز، 2015 کے (IV) (VI) کے تحت عصمت اللہ سپاہی ، انور شاہ نائب رسالدار ، بخت میر دفعدار اور غلام رسول دفعدار کیخلاف سخت کارروائی عمل لائی گئی ، جاری حکمنامے کے مطابق مذکورہ لیویز ملازمین سے دو سال تک منظور شدہ سروس کی ضبطی ،ایک سال تک پروموشن روکنا ، اور ہزار روپے تک جرمانہ کرنا شامل ہیں۔


