شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے آئی ایم ایف سے ریلیف حاصل کر لیا، خواجہ آصف
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ الحمداللہ تمام تر معاشی نجومیوں کی پیشینگوئیوں کے بر عکس شہباز شریف کی قیادت میں پی ڈی ایم کی مخلوط حکومت نے آئی ایم ایف سے ریلیف حاصل کی۔اتحادی جماعتوں کے بھرپور تعاون اور اعتمادنے کامیابی کو ممکن بنایا۔ان خیالات کااظہار خواجہ محمد آصف نے سوموار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی ایک مہلت ہے اور اس دوران ہم نے اپنا گھر درست کرنا ہے۔ٹیکس ،بجلی ،گیس اورہر قسم کی چوری کا خاتمہ اشد ضرورت ہے نہیں توہمیں اس صورت حال کا خدانخواستہ پھر سامنا کرنا پڑے گا۔ اپنے اور بیگانے نکتہ چینوں سے درخواست ہے کہ حوصلہ رکھیں اور معاشی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں، جزاک اللہ۔جبکہ خواجہ آصف نے اپنے بیان کے ہمراہ سوموار کے روز پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں ہونے والی زبردست تیزی کے حوالہ سے نجی ٹی وی کے ٹکرز بھی شیئرز کئے۔واضح رہے کہ سوموار کے روز اپاکستان اسٹاک ایکس چینج میں 2350پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے کو ملا اور100 انڈیکس 43ہزار800پوائنٹس پر پہنچ گیا۔


