ایس ایچ او تھانہ امیر محمد دشتی کی زیادتی کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی جائے، کوئٹہ کے متاثرین کا مطالبہ

کوئٹہ (آن لائن) کوئٹہ کے رہائشیوں نے آئی جی پولیس بلوچستان اور ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایچ او امیر محمد دشتی تھانہ کے ناروا سلوک کا نوٹس لیتے ہوئے ان کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ یہ بات علی احمد، نور بی بی نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایچ او امیر محمد دشتی نے 12 پولیس اہلکاروں کے ہمراہ ہمارے گھر میں داخل ہو کر ہمیں تشدد کا نشانہ بنایا اور گھر سے 12 لاکھ روپے، سونا، کاغذات، گاڑی کی فائل اور ریجنل نمبر پلیٹ اٹھا کر لے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پولیس کے ناروا سلوک کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑک کو بلاک کیا جس پر ڈی ایس پی شوکت جدون کی یقین دہانی کے بعد ہم نے احتجاج ختم کردیا۔ انہوں نے آئی جی پولیس بلوچستان اور ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایچ او امیر محمد دشتی اور پولیس اہلکاروں کے ناروا سلوک کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں