دالبندین تا زیارت بلانوش سڑک کے منصوبے پر اگست کے پہلے ہفتے سے کام کا آغاز ہوگیا، صادق سنجرانی
کوئٹہ، اسلام آباد (این این آئی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے سیکرٹری وزارت مواصلات، چیئرمین این ایچ اے نے منگل کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع چاغی میں دالبندین تا زیارت بلانوش سڑک کے منصوبے پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے ہدایت دی کہ آئندہ چند روز میں ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کرتے ہوئے اگست کے پہلے ہفتے میں منصوبے پر کام کے آغاز کو یقینی بنایا جائے۔ چیئرمین این ایچ اے کیپٹن (ر) محمد خرم آغا نے منصوبے کے حوالے سے یقین دہانی کراتے ہوئے بتایا کہ 77 کلو میٹر سڑک پر کام کا آغاز اگست میں شروع ہو جائیگا اور ٹینڈرنگ کا عمل آئندہ چند روز میں مکمل کر لیا جائیگا۔ انہوں نے دالبندین زیارت بلانوش سڑک کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے چیئرمین سینیٹ کو دعوت دی۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ضلع چاغی میں سڑکوں کو بہتر بنانے کے لیے این ایچ اے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر سے علاقے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو فروغ ملے گا یہ منصوبہ علاقے کی سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے منصوبے کی منظوری کیلئے کافی عرصے سے کوششیں کی جا رہی تھیں جو بلاآخر چیئرمین سینیٹ کی کاوشوں سے رنگ لائیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ منصوبے سے چاغی کے رہائشیوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگا سڑک کی تعمیر کے ساتھ عوام کو بہتر رسائی اور نقل و حمل کی سہولت میسر ہوگی نقل و حمل کو بہتر بنانے کے لیے دالبندین تا زیارت بالانوش سڑک کی تعمیر اہم اقدام ہے۔


