چاروں صوبوں میں ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی منظوری
اسلام آباد (این این آئی)قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) نے ایک لاکھ زرعی ٹیوب ویلوں کوشمسی توانائی پرمنتقل کرنے، مہمندڈیم سے قومی گرڈ میں 800میگاواٹ بجلی کی فراہمی کے منصوبہ کے پی سی ون اور پولیو کے خاتمہ کے ہنگامی پلان سمیت کئی اہم منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔ منگل کو قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) کااجلاس ں وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارکی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اورسندھ میں وزریراعظم کے زرعی ٹیوب ویلوں کوشمسی توانائی پرمنتقل کرنے کے منصوبہ کاجائزہ لیاگیا اوراس کی منظوری دی گئی، اس منصوبہ پر377236.275ملین روپے کی لاگت آئیگی اوریہ تین سال کی مدت میں مکمل ہوگا، منصوبہ کے فیز ون کے تحت مالی سال 2024 میں سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت 90 ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے جائیں گے جبکہ صوبے اوراستفادہ کرنے والے کاشت کار بھی اس کے مساوی فنڈز فراہم کریں گے۔


