چند عناصر کی سیاست کی وجہ سے مخلص اساتذہ کو دیوار سے نہیں لگایا جا سکتا، سردار یار محمد رند

کوئٹہ,صوبائی وزیرِثانوی تعلیم و ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ نااہل اور کام چور عناصرکیلئے محکمہ میں کوئی گنجائش نہیں تمام تر تبادلے و تقرریاں میرٹ کی بنیاد پر کی جارہی ہیں۔ قابل اور ایماندار افسران محکمہ کا سرمایہ ہیں۔ چند عناصر کی سیاست کی وجہ سے مخلص و محنتی اساتذہ کو دیوار سے نہیں لگایا جاسکتا۔ حکومت قابل اساتذہ کی ہر قسم کی سرپرستی اور معاونت جاری رکھے گی۔ اپنے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قلیل مدت میں محکمہ تعلیم میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ طویل عرصے کے بعد محکمے کے بنیادی ڈھانچے میں اصلاحات لائے گئے ہیں۔ جس کی مثال ماضی قریب میں نہیں ملتی۔ محکمے کی کارکردگی میں دن بہ دن بہتری آرہی ہے۔ ماضی میں من پسند افراد کو محکمہ تعلیم میں جگہ دی گئی جس کا نتیجہ آج بھی محکمہ بھگت رہا ہے۔ دہائیوں پر محیط محرومیوں کے ازالے میں وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ کا راگ الاپنے والے ماضی میں طویل عرصے تک اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اصلاحات اور قانون سازی محکمے کیلئے ناگزیر ہیں جن کی تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اساتذہ اور دیگر عملے کی جانب سے فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنے جائے تعیناتیوں پر اپنی حاضری کو یقینی بناتے ہوئے محکمے کی کارکردگی بہتر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ سردار رند نے مزید کہا کہ ثانوی اور ہائیر ایجوکیشن دونوں کی افادیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے عوام دوست تعلیمی اصلاحات لائے جارہے ہیں۔ جس کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے۔ محکمے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے تمام آپشن استعمال کریں گے۔ شعبہ تعلیم کو سیاست کی نظر کرنے کی بجائے اسے عوامی فلاحی شعبہ بنائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں