پاک افغان بارڈر اور کوئٹہ چمن شاہراہ پر چیک پوسٹوں پر لوگوں کو تنگ کرنے کا سلسلہ، عوامی حلقوں کی تشویش

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ پاک افغان بارڈر چمن اور کوئٹہ ،چمن شاہراہ پر قائم چیک پوسٹوں پر لوگوں کو بلاجواز تنگ کرنے کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے ، بلوچستان ایک قبائلی صوبہ ہے یہاں سب کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھاجاتا ہے لیکن چیک پوسٹوں پر پشتون اور بلوچ عوام کی توہین کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جاسکتی۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالا یوسف خلجی نے کہا کہ پاک افغان بارڈر چمن پر سرحدکے دونوں جانب سفر کرنے والے پشتونوں کو بلاجواز تنگ کیا جاتا ہے اسی طرح چمن اور کوئٹہ شاہراہ پر سفر کرنے والے پگڑی پہنے ہوئے ہر پشتون شہری کو اتار کر اسکے ساتھ توہین آمیزسلوک کیا جاتا ہے جس کی بلوچستان امن جرگہ مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک قبائلی صوبہ ہے یہاں ایک دوسرے کو عزت اوراحترام کی نگاہ سے دیکھاجاتا لیکن پاک افغان بارڈر اور قومی شاہراہوں پرقائم چیک پوسٹوں پر جس طرح عوام کی تذلیل کی جارہی ہے وہ کوئی بھی مذہب شہری برداشت نہیں کرسکتا ہے۔ لالا یوسف خلجی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ پاک افغان بارڈر اورقومی شاہراہوں پر قائم چیک پوسٹوں پرعوام کو بلاجواز تنگ کرنے اورانہیں گاڑیوں سے اتارنے کا فوری نوٹس لیا جائے بصورت دیگر بلوچستان امن جرگہ سخت احتجاج پر مجبورہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں