توہین الیکشن کمیشن ،فواد چوہدری نے معافی مانگ لی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خلاف لگائے گئے الزامات پر دوبارہ زبانی معافی مانگ لی۔ الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو تحریری معافی نامہ جمع کرانے کا حکم دیدیا۔چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ کے سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔دورانِ سماعت فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری نے کمیشن کے سامنے کہا کہ ناقابلِ ضمانت گرفتاری کے وارنٹ غلط پتے پر بھیجے گئے۔چیف الیکشن کمشنرنے فواد چوہدری کے وکیل سے کہا کہ آپ کے علم میں تو آ گیا تھا۔فیصل چوہدری نے جواب دیا کہ میں اکثر گھر پر نہیں ہوتا، الیکشن کمیشن نے شوکاز نوٹس جاری کیا ہوا ہے، وہ شوکاز نوٹس ہائی کورٹ میں چیلنج ہے، جس کا فیصلہ محفوظ ہے، ہم ہائی کورٹ کے فیصلے کا انتظار کر لیتے ہیں، ہم اگلی سماعت پر شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرا دیں گے۔ فواد چوہدری نے کمیشن کے سامنے پیش ہوکر کہا کہ چیف الیکشن کمشنر یا الیکشن کمیشن سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں، جب بیان دیا میں اس وقت پارٹی کا ترجمان تھا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ زبانی معافی مانگ چکا ہوں،معذرت قبول کریں اور کیس ختم کریں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ نے الیکشن کمیشن کی توہین کی تھی، معافی مانگنا چاہتے ہیں تو تحریری طور پر لکھ کر دیں۔ معافی تحریری ہوتی ہے،معافی نامہ جمع کرائیں،غور کرلیں گے۔چیف الیکشن کمشنر نے فواد چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے چیئرمین نے میری اہلیہ سے متعلق غلط الفاظ استعمال کئے۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کیخلاف کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کردی۔


