نواب اسلم اور حاجی لشکری وڈھ کی کشیدہ صورتحال کو معمول پر لانے کیلئےکل وڈھ پہنچیں گے
کوئٹہ() چیف آف سراوان و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی، سینئر سیاستدان و سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی وڈھ کی کشیدہ صورتحال کو معمول پر لانے کیلئے کل وڈھ پہنچیں گے۔ تفصیلات کے مطابق چیف آف سراوان و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے سردار اختر مینگل اور میر شفیق الرحمن مینگل کے درمیان جاری کشیدگی میں کمی لانے کیلئے باقاعدہ مصالحتی کوششوں کا آغازکردیا ہے اس سلسلے میں وہ آج سینئر سیاستدان و سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری رئیسانی و دیگر معززین کے ہمراہ وڈھ پہنچیں گے جہاں پر وہ سردار اسد مینگل اور میر شفیق الرحمن مینگل سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں دونوں فریقین کو کشیدگی میں کمی لانے کیلئے جنگ بندی پر آمادہ کرکے مصالحت کے ذریعے معاملے کا حل نکالنے کامطالبہ کریں گے۔ سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم خان رئیسانی نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ انہوں نے گزشتہ روز سردار اختر جان منیگل، سردار اسد مینگل اور میر نصیر مینگل میر شفیق الرحمن مینگل سے فون پر بات کی ہے اور ان سے جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے کہ دونوں فریقین جنگ بندی کرکے ہمیں اپنا مکمل اختیار دیں تاکہ اس کشیدہ حالات کو مصالحت کی طرف لے جائیں انہوں نے کہاکہ فریقین اپنے لوگوں سے صلاح و مشورہ کررہے ہیں ہم ان کے جواب کے منتظر ہیں۔ دریں اثناء مستونگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے کہاکہ کشیدگی سے نقصان ہمارے ہی لوگوں کا ہورہا ہے، نہیں چاہتے کہ وڈھ میں خون خرابا ہو۔ دریں اثناء سینئر سیاستدان و سابق سینیٹر حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے بتایا ہے کہ چیف آف سراوان و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم خان رئیسانی کی سربراہی میں سراوان ہاؤس کا وفد آج وڈھ کا دورہ کریگا جہاں پر سردار اسد جان مینگل اور میر شفیق الرحمن مینگل سے ملاقات کرکے کشیدگی میں کمی لانے کی کوشش کریں گے انہوں نے بتایا کہ وفد میں رئیسانی قبیلے کے معتبرین کے ساتھ پشتون زعماء بھی ہمارے ساتھ شامل ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے گزشتہ شب سے ہی مصالحتی کوششوں کا آغاز کیا ہے امید ہے کہ دونوں فریقین نواب محمد اسلم خان رئیسانی کو اختیار دیکر انہیں تنازعے کے حل کیلئے رستہ دیں گے۔ نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے بتایا کہ دونوں فریقین کے درمیان گزشتہ روز سے جاری کشیدگی ہمارے لئے تشویش کا باعث ہے کوشش ہے کہ بغیر کسی خون خرابے کی کشیدگی میں افہام و تفہیم سے کمی لائی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان معاملے کو خوش اسلوبی سے طے کریں۔ چیف آف سراوان و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم خان رئیسانی کی مصالحتی کوششوں کے آغاز سے وڈھ کی حالیہ کشیدہ صورتحال سے پھیلی تشویش میں کمی آئی ہے نواب اسلم خان رئیسانی کی آمد کا سن کر وڈھ اور اس سے ملحقہ علاقوں کے شہریوں نے ان کے دورے سے امید باندھ لی ہے کہ نواب اسلم خان رئیسانی اور انکے رفقاء علاقے کے امن کو بحال کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔


