وڈھ ، ہرنائی ،زیارت سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے ،اراکین اسمبلی

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان اسمبلی کے اراکین نے وڈھ ، ہرنائی ،زیارت سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیکر بد امنی کے خاتمے کے لئے مستقل پالیسی اپنانے کا مطالبہ کیا ہے ،دوسری جانب چیئر مین قادر علی نائل نے رولنگ دی ہے کہ ہرنائی اور وڈھ میں بد امنی کے تدارک کے لئے قائم کمیٹی مستقل حل اور سفارشات پیش کرے ،چیئر مین کی چیف سیکرٹری کو بی ڈی اے ملازمین کو مستقل کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کر کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی رولنگ ۔ جمعرات کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پشتونخوا میپ کے رکن اسمبلی نصر اللہ زیرے نے گزشتہ اجلاس میں منظور ہونے والے تحریک التوا کو ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ 26جون 2023کو مانگی کے مقام پر کوئلے سے بھرے سترہ سے زائد ٹرکوں کو آگ لگا دی گئی جن میں سے تین افراد اغواءکئے گئے نیز اس سے پہلے بھی مانگی ضلع ہرنائی کے مختلف علاقوں شاہرگ، خوست، زرد آلو اور دیگر مقامات پر دہشتگردی کے مختلف واقعات رونما ہوتے رہے ہیں اس طرح یکم اور 02جولائی 2023کی درمیانی شب ضلع شیرانی کے علاقے دہانہ سر میں بھی پولیس تھانے پر حملہ ہوا جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر بہادر خان سپاہی محمد افضل شیرانی اور سپاہی باز خان حریفال شہید ہوگئے جس کے باعث علاقے کے عوام اور سیاسی جماعتوں نے لاشوں کے ہمراہ دھرنا دیا جبکہ مذکورہ بالا واقعے کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا گیا اس قسم کے مسلسل واقعات سے علاقے کے عوام میں سخت اضطراب پایا جاتا ہے لہذا اسمبلی کی کارروائی روک کر مذکورہ واقعات اور صوبے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کو زیر بحث لایا جائے۔ تحریک التواءپر بحث کا آغاز کرتے ہوئے نصر اللہ زیرے نے کہاکہ زیارت اور ہرنائی میں امن و امان کے نام پر ایف سی کو تعینات کیا گیا ہے ایف سی وفاقی فورس ہے اور وفاقی وزارت داخلہ کے ماتحت ہے اس لئے اس کو باقاعدگی سے معاوضہ بھی ادا کیا جارہا ہے مائنز اونر سے فی ٹن پانچ سو روپے وصول کئے جارہے ہیں صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی یہ سلسلہ جاری ہے اور اس مد میں سالانہ اربوں روپے وصول کئے جارہے ہیں یہ رقم حکومتی خزانے میں جمع ہونے کے بجائے چند لوگوں کی جیبوں میں جارہا ہے انہوں نے کہاکہ صوبائی کابینہ نے 2015میں ایک فیصلہ کیا کہ ایف سی مائنز اونر سے ایک پیسہ بھی نہیں لیگی مگر اس فیصلے کو نہیں مانا گیا انہوں نے کہاکہ ہرنائی میں 2015سے 22تک 55عام شہری دہشتگردی کا نشانہ بنے ہیں گزشتہ دنوں دن دیہاڑے 35ٹرکوں پر فائرنگ کی گئی انہیں جلایا گیا۔ انہوں نے کہاکہ کول مائنز مزدور اور ٹرک ڈرائیورز روزگار سے محروم ہوگئے ہیں انہوں نے کہاکہ حکومت نے سیکورٹی اداروں کیلئے ستر سے 80ارب روپے سیکورٹی کے مد میں مختص کئے ہیں تاہم اس کے باوجود امن و امان کی صورتحال ابتر ہے انہوں نے کہاکہ لورالائی میں دہانہ سر کے مقام پر پولیس کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا جس میں تین اہلکار شہید ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہرنائی اور دہانہ سر کے مقام پر پیش آنے والے واقعات کی جوڈیشل تحقیقات کرائی جائے بی این پی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر خان شاہوانی نے کہاکہ ہرنائی ایک پر امن علاقہ ہے وہاں کے لوگوں کا روزگار زمینداری اور کان کنی سے وابستہ ہے وہاں اس قسم کے واقعات کا پیش آنا تشویشناک ہے انہوں نے کہاکہ وڈھ میں امن و امان کی صورتحال خراب کی جارہی ہے ایک ماہ کے دوران پوری حکومتی مشینری نے وڈھ کا دورہ کیا قائمقام صدر نے بھی وڈھ کا دورہ کیا قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں وڈھ کے حالات پر بحث کی گئی انہوں نے کہاکہ گزشتہ رات سے وہاں جنگ شروع ہوچکی ہے بڑے ہتھیاروں سے بڑے پیمانے پر گولہ باری ہوئی ہے لوگوں کے زخمی ہونے کے بھی اطلاعات ہیں انہوں نے کہاکہ وڈھ سردار عطاءاللہ خان مینگل کا گھر ہے سردار عطاءاللہ خان مینگل بلوچستان کے پہلے وزیر اعلیٰ رہے انہوں نے ون یونٹ کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے بلوچستان کو اسکی شناخت دلانے میں اہم کردار ادا کیا آج بلوچستان کی یہ اسمبلی بھی ان کی ہی مرہون منت ہے انہوں نے کہاکہ بلوچستان اسمبلی کی مدت پوری ہونے کو ہے صوبے میں نئے انتخابات ہونے جارہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ یہاں انتخابات سے پہلے حکومت کو ڈیزائن کیا جارہاہے اور وڈھ کے حالات خراب کرنے کے محرکات بھی یہی ہیں انہوں نے کہاکہ 2018میں نوابزادہ پارٹی تشکیل دیکر لوگوں کو اس میں شامل کرکے ان کو حکومت دی گئی انہوں نے کہاکہ گملوں میں لوگ پیدا کرکے ان کو لانے سے صوبے میں نہ ہی امن آئے گا اور نہ ہی کرپشن میں کمی آئے گی بلوچستان کے وسائل پر بلوچستان کے لوگوں کا حق ہے اور سردار اختر مینگل کا قصور بھی یہی ہے کہ وہ یہ بات کرتے چلے آرہے ہیں انہوں نے کہاکہ ایسی پالیسیاں بنائی جائیں جو ملک کے مفاد میں ہوں وڈھ کے حالات خراب ہونے سے صوبے اور ملک کے حالات بھی خراب ہونگے لہذا صوبے میں قیام امن کو یقینی بنا کر وہ پیسے جو سیکورٹی کے مد میں خرچ کئے جارہے ہیں انہیں بلوچستان کی قانونی ترقی پر خرچ کیا جائے انہوں نے کہاکہ وڈھ کا مسئلہ انتہائی حساس مسئلہ ہے اس پر تمام سیاسی جماعتوں کو بات کرنی چاہئے ہم نے مفاہمت کی طرف بڑھنا ہے انہوں نے کہاکہ ایک بااختیار مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی جائے جو مذاکرات کو منطقی انجام تک پہنچائے۔ جمعیت کے رکن اسمبلی زابد علی ریکی نے کہاکہ ہرنائی اور دہانہ سر میں پیش آنے والے واقعات افسوسناک ہیں حکومت مذکورہ واقعات کی تحقیقات کرائے کہ ان میں کون ملوث ہے اور ان دہشتگردوں کو کٹھرے میں لا کر کھڑا کیا جائے انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نذر آتش کئے گئے ٹرک مالکان کو معاوضہ ادا کریں انہوں نے کہاکہ وڈھ کی مخدوش صورتحال کے حوالے سے عید سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر وہ وزیر داخلہ ضیاءلانگو اور آئی جی پولیس نے وڈھ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سردار اختر منیگل اور شفیق الرحمن مینگل سے ملاقات کی انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ، وزیر داخلہ اور صوبے کے معززین سے درخواست ہے کہ آئیں ہم سب ملکر وڈھ جاکر دونوں فریقین کے درمیان مصالحت کیلئے اپنا کردار ادا کریں یہ ہمارا دینی فریضہ بھی ہے انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز چیف آف سراوان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے باقاعدہ مصالحت کا آغاز کردیا ہے اور دونوں فریقین سے رابطے کئے ہیں اور اس میں کسی حد تک پیش رفت بھی ہوئی ہے انہوں نے کہاکہ ہمیں بھی دونوں فریقین کے درمیان جاری تنازعے کے خاتمے کیلئے بار بار وڈھ جاکر مسئلے کے حل کیلئے تب تک وہاں بیٹھنا چاہئے جب تک یہ تنازعہ حل نہیں ہوتا۔ رکن بلوچستان اسمبلی مولوی نور اللہ موسیٰ خیل نے کہاکہ ہرنائی میں کوئلے سے لدے ٹرکوں کو نذر آتش کیا جاتا ہے حکومت اور انتظامیہ خاموش تماشائی بن کر دیکھتی رہتی ہے انہوں نے کہاکہ اختر مینگل اور شفیق مینگل کے درمیان تصادم کی گونج کوئٹہ تک سنائی دی مگر حکومت اور سیکورٹی ادارے یہ گونج نہیں سن سکے انہوں نے کہاکہ حکومت چاہتی ہے کہ اس غریب صوبے کے محدود وسائل پر قبضے کیلئے پشتون کو بلوچ، بلوچ کو بلوچ اور پشتون اور پشتون کو آپس میں لڑایا جائے اور ارکان اسمبلی بھی اس جرم میں برابر کے شریک ہیں کیونکہ کوئی جرم کی نشاندہی کیلئے تیار نہیں ہے۔ صوبائی وزیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ نے کہاکہ ہرنائی واقعے سے متعلق پارلیمانی جماعتوں پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی نے دھرنے کے شرکاءسے ملاقات کی ہے انہوں نے کہاکہ ملک کو بہت گھمبیر چیلنجز کا سامنا ہے داخلی اور خارجی چیلنجز کے ساتھ ساتھ ملک کو موسمیاتی تبدیلی معاشی کرپشن اور بیروزگاری کے خطرات کا بھی سامنا ہے اور ان خطرات سے نمٹنے کیلئے ہمیں داخلی طور پر مضبوط ہونا ہے انہوں نے کہاکہ ہرنائی کے لوگوں کو تحفظات اور مطالبات پر حکومت ان سے کئے معاہدے پر عملدرآمد کو یقینی بنائے انہوں نے کہاکہ وڈھ میں ایک قبیلے کے لوگ آپس میں دست و گریبان ہیں، وزیراعلی اور وزیر داخلہ کو چاہئے کہ وہ سنجیدگی سے اقدامات اٹھاتے ہوئے ایک بڑے سانحے کو روکنے میں اپنا کردارادا کریں قبائلی معتبرین سیاسی جماعتوں کو بھی اس تنازعے کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے وڈھ کے مسئلے کو سردست حل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ دہانہ سر جن لوگوں کے ٹرک نذر آتش کئے گئے ہیں انہیں معاوضہ ادا کیا جائے تاکہ انکا اعتماد بحال ہو اور جرائم پیشہ افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ اجلاس میں تحریک التواءپر بحث میں حصہ لیتے ہوئے بی این پی کے رکن ثناءبلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں نامعلوم جتھے بد امنی پھیلا رہے ہیں آج وڈھ میں کالج پر گولے مارے گئے یہ وہی علاقہ ہے جہاں سردار عطاءاللہ مینگل جیسی شخصیت مدفن ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سیاسی تحریک کو کچلنے کے لئے جتھے بنائے گئے ہیں خون خرابہ قتل ،بندق ،گولہ باری بلوچستان کے مسائل کا حل نہیں ہیں یہاں کے مسائل حل کرنے کے لئے پر امن سیاسی جدوجہد کرنے والوں کی ضرورت ہے لیکن امن ،آئین کی بات کرنے والوں کے گھر پر گولوں کے سراخ مل رہے ہیں 2002کی پالیسی ناکامی کا شکار ہے بلوچستان میں ہر ماہ بد امنی میں 17فیصد اضافہ ہورہا ہے ایک مہینے سے کسی کے علم نہیں آرہا کہ مسلح گروپ بیٹھے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امن پسند، سیاسی قوتوں کو انکا مقام دینے سے بلوچستان کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے پاک میں اندورنی بدامنی کی وجہ یہ ہے کہ بد امنی کو سنجیدیگی سے نہیں لیا گیا بلوچستان میں گڈ اور بیڈسیٹیزن کا معاملہ چل پڑا ہے تمام گڈ سیٹیزن کے پاس جھنڈا ہے اور وہ جرائم میں بھی ملوث ہیں جبکہ سیاسی لوگوں کوبیڈ سیٹیزن قراردے دیا گیا ہے ہمیں اس تفریق سے نکلنا ہوگا ہم بلوچستان کے امن و خراب کرنے کی بھر پور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ تحریک التواءمیں بحث پر حصہ لیتے عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ آج ہرنائی سمیت پشتون بیلٹ بد امنی کی لپیٹ میں ہے خیبر پختونخواءاور بلوچستان میں یک دم دہشتگردی سر اٹھا رہی ہے مگر کوئی سنجیدیگی سے نوٹس نہیں لے رہا ۔ہرنائی، سنجاوی، زیارت سمیت دیگر علاقوں میں مسلسل کئی سالوں سے بد امنی ہے پے درپے واقعات ہورہے ہیں ہرنائی ریونیو دینے والا علاقہ ہے وہاں کے لوگوں کو بے روزگاری کا مسئلہ بھی نہیں پھر وہاں کیوں دہشتگردی ہورہی ہے یہ واقعات کن پالیسیوں کا نتیجہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ افسران سے لیکر سپاہی تک لوگ شہید ہوئے ،عوامی نیشنل پارٹی کی دہشتگردی کے خلاف بہت سی قربانیاں ہیں ہم نے پہلے بھی کہا تھاکہ ماضی کی جنگ کے اثرات ہمارے گھر بھی آئیں گے پہلے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی گئی کئی لوگ بے گھر ہوئے بعد میں کہا گیا کہ وہ بھی ہمارے ہی لوگ ہیں ان سے مذاکرات کئے جائیں گے لیکن آج اس پالیسی کے نتائج سب کے سامنے ہیں آج بھی دہشتگردی کا سنجیدیگی سے نوٹس نہیں لیاجارہا ۔انہوں نے کہا کہ اگست کا مہینہ ہمارے لئے برسیوں اور تعزیتوں کا مہینہ ہے اس ماہ میں سانحہ 8اگست سمیت کئی واقعات ہوئے ہم نے کئی احتجاج کئے مگر اس مسئلے کا پائیدار حل نہیں ہوا ۔انہوں نے کہا کہ ہرنائی کے معاملے پر بنائی گئی کمیٹی کی سفارشات کو اسپیکر اپنی رولنگ میں شامل کریں اور حکومت سے ان پر عملدآمد کروائیں ۔انہوں نے کہا کہ جتنا غصہ جناح ہاﺅس اور پنجاب کے واقعات پر دیکھایا گیا اتنا غصہ بلوچستان پر کیوں نہیں دیکھایا جاتا لوگ مارے جارہے ہیں مگر ان کو سنجیدیگی سے نہیں لیا جاتا سانحہ بابڑ کے متاثرین کو آج تک معاوضہ نہیں ملا کھلے عام بھتہ وصولی کی جارہی ہے اس کا نوٹس نہیں لیا جاتا ۔تحریک التواءپر بحث میں حصہ لیتے ہوئے صوبائی وزیر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ سکولوں پر حملے کئے گئے ہمارے کئی لوگوں کو شہید کیا گیا ہرنائی میں حملے ٹارگٹڈ حملے ہیں شہریوں کو تحفظ دینا ریاست اور اداروں کی ذمہ داری ہے سرحدی اور تجارتی علاقوںمیں دہشتگردی پھیلائی جارہی ہے سیکورٹی فورسز سے پوچھا جائے کہ یہ چیک پوسٹیں کیوں اگر وہ تحفظ نہیں کر سکتے تو اسکی تحقیقات ہونی چاہےے ۔انہوں نے کہا کہ جنگل کی آگ جب پھیلتی ہے تو وہ سوکھے اور گیلے پتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے ہمارے یہاں بھی جنگل کی آگ پھیل چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پشتونوں کے ساتھ ظلم ہورہا ہے مگر آج تک ملزمان کے خلاف کاروائی نہیں ہوئی جب تک خارجہ اور داخلہ پالیسی ٹھیک نہیں ہوگی امن قائم نہیں ہوگا قیام امن کے لئے بلا تفریق اقدامات کرنے ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان جلتا رہا تو کوئی بھی محفوظ نہیں ہوگا حکومت سیکورٹی ادارے صورتحال کو سنجیدیگی سے لیں ۔انہوں نے کہا کہ کسی سرمایہ کار کو بلوچستان کا ویزا جاری نہیں کیا جاتا جب تک ہرنائی میں جلائے گئے ٹرکوں کے متاثرین کو معاوضہ نہیں ملتا ہمیں اسمبلی سے واک آﺅٹ کرنا چاہےے ۔انہوں نے کہا کہ حقوق کی بات کرنے پر ہمیں غدار کیوں کہا جاتا ہے ہم جہالت کے خاتمے ،ملک کو ٹھیک کرنے کی بات کرتے ہیں ہر قوم کو تحفظ اور برابری کے حقوق دئےے جائیں اور کسی میں فرق رواں نہ رکھا جائے محبت کا ماحول بنائیں اور عدم تشدد کی پالیسی کو اپنا یا جائے ۔ تحریک التواءپر بحث کے اختتام پر رولنگ دیتے ہوئے چیئر مین قادر علی نائل نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈران اور اراکین کی جو کمیٹی بنی تھی اس نے ہرنائی کے متاثرین سے جو بھی وعدے کئے تھے اور اس کمیٹی کی جتنی بھی سفارشات کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے دی تھیں ان پر حکومت عملدآمد کو یقینی بنائے جن لوگوں کے ٹرک جلائے گئے انہیں معاوضہ دیا جائے جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی بنائی جائے جس میں ہرنائی ،زیارت کے انتظامی افسران، ہرنائی عوامی اتحاد ،سیکورٹی فورسز کے نمائندے شامل ہوں کمیٹی مسئلے کے مستقل حل کے لئے اپنی رپورٹ اور سفارشات جلد پیش کرے ۔قادر علی نائل نے رولنگ دی کہ وڈھ میں امن وامان کی خراب صورتحال اہم اور قابل تشویش مسئلہ ہے توقع ہے کہ سیاسی جماعتیں اور قبائلی عمائدین اس کے حل میں مثبت کردار ادا کریں گے ۔اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے پشتونخواءملی عوامی پارٹی کے رکن نصر اللہ زیرے نے کہا کہ کابینہ نے 2بار بی ڈی اے ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ کیا مگر اس پر عملدآمد نہیں ہورہا جس پر چیئر مین قادر علی نائل نے رولنگ دی کہ سیکرٹری اسمبلی چیف سیکرٹری کو مراسلہ لکھیں کہ بی ڈی اے ملازمین کی مستقلی میں رکاوٹیں دور کر کے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے ۔بعدازاں اسمبلی کا اجلاس ہفتہ کی سہ پہر چار بجے تک کے لئے ملتوی کردیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں