کیچ، تگران میں ایک شخص سیلابی ریلے میں بہہ گیا، میرانی ڈیم میں پانی کی سطح بلند
تربت (نمائندہ انتخاب) ضلع کیچ میں بارشوں کا سلسلہ جاری، تگران میں ڈرائیور سیلابی ریلے میں بہہ گیا، میرانی ڈیم میں پانی کی سطح مزید بلند ہوکر 247 فٹ تک پہنچ گئی، نہنگ ندی میں پھنسے دو گاڑیاں نکال لی گئیں، ڈپٹی کمشنر کیچ نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو ٹوٹے سڑکوں کی بحالی کی ہدایت کردی، ضلع کیچ میں گزشتہ شام کو ہونے والی بارش کے باعث کیچ کور، نہنگ اور کیل کور سمیت مختلف ندی نالوں میں شدید طغیانی پیدا ہوئی ، رات کو سیلابی ریلے داخل ہونے کے بعد میرانی ڈیم میں پانی کی سطح مزید بلند ہوکر جمعرات کی شام 247 فٹ تک پہنچ گئی جبکہ اسپل وے پر 3 فٹ تک پانی گرنا شروع ہوگیا ہے، گزشتہ شام نہنگ ندی میں پھنسے ہوئے دو تیل بردار گاڑیاں صبح پانی سے نکال لی گئیں جبکہ زامران کے پہاڑی علاقوں میں بارش سے ایک ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے، ذرائع کے مطابق شمبے نامی ڈرائیور جس کا تعلق کلگ سے ہے سیلابی ریلے میں بہہ کر ہلاک ہوا، ڈپٹی کمشنر کیچ اورنگزیب بادینی نے بارشوں کے سبب سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کا فوری نوٹس لے کر محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے، ڈپٹی کمشنر کیچ نے ایک ٹویٹ میں واضح کیا کہ اس وقت ضلع کیچ میں محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے پاس تربت میں 129 دشت میں 92 تمپ میں 80 اور بلیدہ میں 21 روڈ قلی،منشی، انسپکٹر کام کرتے ہیں ان سب کا ورک پلان تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ فوری طور پر کچھ ایسے علاقوں میں کام شروع کیا جاسکے جہاں ان کی ضرورت پیدا ہوگئی ہے۔


