بجٹ سفارشات ضلع گوادر سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے: صادق سنجرانی

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ بجٹ سفارشات میں ضلع گوادر سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔صادق سنجرانی نے سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے فنانس کے چیئرمین فاروق ایچ نائیک کو خط لکھ کر سینیٹ کے قواعد و ضوابط کے مطابق ضلع گوادر، بلوچستان سے متعلق معاملہ کمیٹی کو بھیج دیا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے خط میں لکھا کہ کمیٹی ضلع گوادر کیلئے انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس، فیڈرل ایکسائز، کسٹم ڈیوٹیز کی مد میں دس سال کے استثنیٰ کے معاملے کا جائزہ لے۔صادق سنجرانی نے لکھا کہ ضلع گوادر اقتصادی مواقعوں سے مالا مال ہے جہاں اقتصادی مواقعوں کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے لکھا کہ اقتصادی سرگرمیوں سے ضلع گوادر کے عوام اور پورے ملک تک ثمرات پہنچانے کی ضرورت ہے،ضلع گوادر تجارتی، صنعتی اور معاشی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے فاروق ایچ نائک کو لکھے گئے خط میں کہا کہ قومی و بین الاقوامی سرمایہ کاری لانے کیلئے موثر حکمت عملی اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں