وزیر اعظم اتحادیوں اور قائد حزب اختلاف کے ساتھ مشاورت سے نگران وزیر اعظم کے نام کا اعلان کرینگے، مریم اورنگزیب
راولپنڈی(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم کے تقرر کے حوالے سے آئینی ذمہ داری وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف کی ہے، وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف تمام اتحادی جماعتوں اور قائد حزب اختلاف کے ساتھ مشاورت سے نگران وزیر اعظم کے نام کا اعلان کریں گے ۔ نگران وزیر اعظم کے تقرر کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی کامیں حصہ نہیں ہوں لیکن، وہ دور ختم ہو گیا کہ آپ بند کمروں کے اندرفیصلے کریں، جو بھی نام ہو گااورشارٹ لسٹڈ نام ہوں گے وہ پاکستان کی عوام کے سامنے اورآئین کے مطابق یہ فیصلے ہوں گے اوران کے اعلانات ہوں گے۔ قومی اسمبلی کی تحلیل کا فیصلہ بھی وزیر اعظم، کابینہ اوراتحادی جماعتیں مل کر کریں گی اور جب ایسا ہو گاتومیں بطور حکومت کی ترجمان باضابطہ طور پر اس کا اعلان کروں گی۔ان خیالات کااظہار وفاقی وزیربرائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے روات میں ریڈیو پاکستان کے 1000کلو واٹ ڈیجیٹل ڈی آر ایم میڈیم ویو ٹرانسمیٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات ونشریات سہیل علی خان اور ڈی جی ریڈیو پاکستان طاہر حسن بھی موجود تھے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان انتہائی اہم سنگ میل عبور کرنے جا رہا ہے،ریڈیو پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 1000کلو واٹ ڈیجیٹل ڈی آر ایم میڈیم ویو ٹرانسمیٹر کا پہلی مرتبہ اجراہو رہا ہے، ریڈیو کے بیشتر ٹرانسمیٹرز اپنی طبعی مدت پوری کر چکے تھے،ریڈیو پاکستان کو ڈیجیٹل آر ایم میڈیم ویو ٹرانسمیٹر کی ضرورت تھی۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم، وزیر خزانہ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی کے تعاون پر مشکور ہوں،اینا لاگ اور شارٹ ویو ٹیکنالوجی کا دور ختم ہو چکا ہے، اب جدید ٹیکنالوجی کا دور ہے،وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر ریڈیو پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جا رہا ہے،ریڈیو پاکستان کی ٹرانسمیشن اب 52 سے زائد ممالک میں ڈیجیٹل میڈیم ویو کے ذریعے پہنچ سکے گی،ریڈیو کے میڈیم ویو کے 20ٹرانسمیٹرز میں سے 14ٹرانسمیٹرز اپنی طبعی عمر پوری کر چکے ہیں،نئی ٹیکنالوجی کی تنصیب سے بجلی کے استعمال میں بھی بچت ہوگی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ منصوبہ دو سال میں مکمل ہوگا، ایک گروہ نے حملہ آور ہو کر 9 مئی کو ریڈیو پاکستان کے آرکائیو کو جلایا،اسی گروہ نے 2014میں پی ٹی وی پر حملہ کیا،مریم اورنگزیب نے کہا کہ ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی قومی اثاثہ ہیں، ہم نے نہ صرف پشاور ریڈیو کی بحالی کا آغاز کیا بلکہ ریڈیو پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی سے استوار کیا جا رہا ہے،ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے اوورسیز پاکستانیز تک ریڈیو کی آواز پہنچ سکے گی،ریڈیو پاکستان کا تمام آرکائیو ڈیجیٹل ہو گیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف جلد اس کا افتتاح کریں گے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹرانسمیٹرکی تنصیب سے نوجوانوں کی ریڈیو براڈ کاسٹنگ میں شمولیت میں اضافہ ہوگا، ریڈیو پاکستان کی نشریات 52 ممالک تک جائے گی، اس کی استعداد میں 70 فیصد اضافہ ہوگا،وفاقی سیکرٹری اطلاعات اور ریڈیو پاکستان کے ڈی جی کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، ادارے مستعدی سے کام کریں گے، تو ان سے منسلک ملازمین کے مسائل بھی حل ہو سکتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے مسائل پر وزارت اطلاعات نے وزارت خزانہ کے ساتھ مل کر ایک نظام مرتب کیا ہے،روات میں ہم میڈیا سٹی کا آغاز کریں گے،وژن، مشن ہے کہ روزگار بڑھے، ریڈیو پاکستان کے ملازمین کے حالات تبدیل ہوں، ریڈیو کی نشریات پوری دنیا تک پہنچے، یہی وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے۔15 ماہ میں ملک معاشی استحکام کی طرف بڑھا ہے، نواز شریف کے دور میں آئی ایم ایف کو خیرباد کہہ دیا تھا، ملک معاشی طور پر مستحکم تھا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ پچھلے دور میں پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کو نیلام کرنے کی باتیں کی گئیں،یہ ادارے محض عمارتیں نہیں ہمارا اثاثہ ہیں،نیشنل براڈ کاسٹرز پوری دنیا میں ہماری شناخت ہوتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کو تاریخ میں پہلی مرتبہ اس جدید ٹیکنالوجی سے استوار کیا جا رہا ہے،ہمارا مقصد ان اداروں کو پاکستان کی شناخت کے لئے استعمال کرنا ہے، تمام وزارتوں کی مشکور ہوں جنہوں نے اس منصوبے میں اپنا حصہ ڈالا،ریڈیو پاکستان نے پانچ سال کے بعد روات میں اپنی تکنیکی صلاحیتوں سے اس جگہ کو بحال کیا ہے، پاکستان میں 1000 کلو واٹ ڈیجیٹل ریڈیو مونڈیال کی ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھ دی ہے،دو سال کا یہ منصوبہ ایک سال میں مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔


