عمران خان کی گرفتاری، پی ٹی آئی کی کمان شاہ محمود قریشی کے ہاتھ آگئی
لاہور (انتخاب نیوز) توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی باگ ڈور شاہ محمود قریشی کے ہاتھوں میں آگئی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان کی غیر موجودگی میں شاہ محمود قریشی پارٹی امور کی سربراہی کریں گے، اسد قیصر، شہریار آفریدی، فردوس شمیم نقوی، علی محمد خان ساتھ ہوں گے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود اور کور کمیٹی کا وکلا کے ہمراہ پہلا ٹاسک پارٹی چیئرمین کی رہائی ہوگا۔ ایک ہفتے قبل عمران خان نے شاہ محمود قریشی کو انتخابات کی تیاری کا ٹاسک دیا تھا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق 14 اگست سے انتخابات کے لیے سیاسی جدوجہد کو شاہ محمود قریشی لیڈ کریں گے۔ شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس بلالیا ہے۔ اعجاز چودھری، یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ پارٹی امور میں معاونت کریں گے۔ انتخابات سے متعلق پی ڈی ایم اتحاد سے شاہ محمود قریشی مذاکرات کریں گے جس میں عامر ڈوگر، قاسم سوری، مراد سعید اور عالمگیر خان ٹیم کا حصہ ہوں گے۔


