شکارپور، لوٹ مار کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 ٹرک ڈرائیور جاں بحق، تعلق بلوچستان سے ہے

شکارپور(مانیٹرنگ ڈیسک)شکارپور کے علاقہ ناپرکوٹ تھانہ کی حدود میں لوٹ مار کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے2ٹرک ڈرائیور جاں بحق ہو گئے۔سندھ کے ضلع شکارپور کے علاقے ناپرگوٹ تھانہ کی حدود میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کردیا۔پولیس حکام کے مطابق ڈاکوؤں نے ڈکیتی کی غرض سے ٹرک کو روکنے کی کوشش کی، تاہم ڈرائیور نے ٹرک روکنے کے بجائے بھگا دیا، جس پر ڈاکوؤں نے ٹرک پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ٹرک میں سوار2ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔حکام نے بتایا کہ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی قریب پولیس چوکی پر موجود پولیس اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی، تاہم ڈکیت فرار ہوگئے، جبکہ پولیس ٹیم نے ریسکیو کی مدد سے جاں بحق ہونے والوں کی میت کو سول اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کی شناخت علی احمد اور غلام بہادر کے نام سے ہوئی، دونوں کا تعلق بلوچستان سے ہے۔ایس ایس پی شکارپور امجد شیخ کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے اور ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں