خضدار میں جھالاوان عوامی پینل کی جانب سے 14 اگست کے موقع پر ریلی
خضدار (پ ر) خضدار میں جھالاوان عوامی پینل کی جانب سے 14 اگست کے موقع پر ریلی۔ خضدار میں جھالاوان عوامی پینل کے زیراہتمام 14 اگست کے سلسلے میں ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جسمیں بڑی تعداد میں جھالاوان عوامی پینل کے ورکروں نے شرکت کرکے وطن دوستی کا ثبوت دیا، ریلی کے شرکاءنے ہاتھوں میں پاکستانی اور پارٹی پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ ریلی کا آغاز مینگل ہاﺅس شہزاد سٹی سے شروع ہوا، جو شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی دو تلوار چوک پر ختم ہوئی، ریلی سے جھلاوان عوامی پینل کے مرکزی رہنماﺅں، ورکروں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی سے جھلاوان عوامی پینل کے سینئر رہنما سردار مراد خان شیخ، سٹی آرگنائزر سردار زادہ شہزاد غلامانی، میر ابرار الحق مینگل، میر سعد اللہ گنگو، الفت ایم حسنی، کامریڈ خالد یوسف و دیگر نے خطاب کیا۔ مقرر ین نے شرکاءسے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ہم ایک آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں، یہ وطن علامہ اقبال کے افکار اور محمد علی جناح کی جہد مسلسل کا نتیجہ ہے، آزادی کے لیے ہمارے آباﺅ اجداد نے جان کے نذرانے دیے، اس وطن کے حصول کے لیے لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دیں تب جاکر ہمیں یہ وطن ملا۔ قربانیوں کا یہ تسلسل آج بھی جاری ہے، فوج، ایف سی، پولیس، لیویز کے جوان آج بھی اپنی جان کا نذرانہ دیکر وطن کی حفاظت کررہے ہیں، ہمیں اور ہماری جماعت جھالاوان عوامی پینل کو وطن کے سپوتوں پر ناز ہے۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ آج تجدید عہد کی گھڑی آپہنچی ہے، فرزندان وطن نے وطن عزیز سے کیا حاصل کیا؟؟ اور وطن کی مٹی کی کس طرح سے آبیاری کی؟ ہم اپنا سر فخر سے بلند کرکے کہتے ہیں بلکہ ببانگ دہل کہتے ہیں کہ دورِ حاضر میں دو دہائیوں سے قائدِ جھالاوان عوامی پینل میر شفیق الرحمن مینگل کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں جو کہ عرصہ دراز سے وطن کے دشمنوں کیخلاف صف آراءہیں، ہمارے لیے یہ انتہائی خوشی کا مقام ہے کہ آج ایک ایسے اجتماع میں شریک ہیں جہاں اجتماعیت کا ایک بھرپور احساس ابھرتا ہے اور سب ایک ہی سوچ لے کر آئے ہیں۔


