بلوچستان کے عوام کے مسائل میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہورہاہے، مولانا عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ,جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے مسائل میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہورہاہے۔غربت ومہنگائی نے جینے کا حق چھین کر خوشی سکون واطمینان بھی چھین لیا عوام کی قوت خرید جواب دے گیا ہے جماعت اسلامی 13مارچ جمعہ کو صوبہ بھر میں مہنگائی بدعنوانی وبدامنی کے خلاف بھر پور احتجاج کریگی اور اضلاع کے ہیڈکوارٹرزمیں جلسہ مظاہرے اور تقاریب منعقدہوگی۔ عوام جماعت اسلامی کے مہنگائی بدعنوانی کے خلاف تحریک میں ساتھ دیں تاکہ مسائل،غربت،بدعنوانی ولٹیروں سے نجات مل سکیں۔جماعت اسلامی نے عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر آوازبلند کی ہے انشاء اللہ ہماری جدوجہد عوامی قوت سے کامیاب ہوگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دفتر میں صوبائی ذمہ داران اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ہدایت الرحمان بلوچ، بشیر احمدماندائی،مولاناعبدالکبیر شاکر،ڈاکٹرعطاء الرحمان،مولانا عبدالحمیدمنصوری، مرتضیٰ خان کاکڑ،سلطان محمدمحنتی،عبدالولی خان شاکر نے شرکت کی اس موقع پر صوبائی وشعبہ جات کے ذمہ داران نے گزشتہ رپورٹ پیش کی۔ مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے تبدیلی کے نام پر عوام کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے۔عوام حکومتی کارکردگی سے مطمئن نہیں،لوگوں میں مایوسی بڑھ رہی ہے۔جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوامی مسائل کو ہر سطح پر اجاگر کیاہے اور آئندہ بھی عوامی مسائل پر بھرپور انداز میں آوازبلند کرتے رہیں گے۔تحریک انصاف انتخابی مہم میں قوم سے کیے گئے اپنے وعدوں کو پوراکرے اور مہنگائی،بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ جماعت اسلامی کے لوگ صاف ستھری شہرت کے حامل اور خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہیں۔ملک میں اگر کوئی جماعت موروثیت سے پاک ہے تو وہ صرف اور صرف جماعت اسلامی ہے جہاں امیر جماعت سے لے کر نیچے تک انتخاب کاجمہوری طریقہ کار موجودہے۔جماعت اسلامی کے ممبران مختلف ادوار میں صوبائی اسمبلیوں، سینٹ، قومی اسمبلی اور بلدیاتی اداروں میں منتخب ہوکر گئے الحمد للہ کسی ایک پر بھی کرپشن اور پلاٹوں کی سیاست کاکوئی ایک بھی الزام نہیں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل سمیت دیگراداروں نے کے پی کے میں جماعت اسلامی کے وزراء کی کارکردگی کو ہمیشہ سراہا ہے جماعت اسلامی کے پاس پڑھی لکھی،دیانتدار اور محب وطن قیادت موجود ہے جو کہ آرٹیکل 62اور 63پر پوری اترتی ہے۔ آج ملک وقوم کو صرف اور صرف محب وطن قیادت کے فقدان کاسامنا ہے۔اللہ تعالیٰ نے ملک کو وسائل سے نوازاہے مگر ان سے بھرپورانداز میں استفادہ کرنے کے لیے ہمیشہ حکومتوں کے پاس وژن کی کمی رہی ہے۔ماضی کے حکمرانوں کی ترجیحات میں عوام کو درپیش مشکلات کاحل کبھی نہیں رہااور بدقسمتی سے موجودہ حکمران بھی انہی کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ ہم جماعت اسلامی کے پیغام کو عام لوگوں تک پہنچائیں گے۔ہمارے کارکن ہی اصل سرمایہ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں