نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، جامعات میں طلبہ کو جدید تحقیق سے روشناس کرایا جائے، نگراں وزیراعظم

کوئٹہ (این این آئی)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ جامعات میں اعلیٰ تعلیم کو جدید تحقیق کی مستحکم بنیاد بنانے کے لئے منصوبہ بندی کی جائے ملک میں معیاری اعلیٰ تعلیم کی مستقل فراہمی سے زندگی کے تمام شعبوں میں بہتری آئے گی۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت بلوچستان کی سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کا اجلاس ہوا جس میں شرکاءنے وزیراعظم کو بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے حوالے پیش رفت اور درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیراعظم نے اعلیٰ تعلیم کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کر کے اسے بین الاقوامی معیار پر لانے کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم نے کہاکہ ہمارے نوجوان اور ہماری افرادی قوت پاکستان کے بہتر مستقبل کے حصول کے لئے انتہائی اہم اثاثہ ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان میں نوجوانوں کے لئے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے متعدد مواقع فراہم کئے جائیں گے تاکہ ہمارے باصلاحیت نوجوان ملک کی ترقی میں اپنا کردار مو¿ثر طریقے سے ادا کر سکیں۔ وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ پاکستان میں جدّت کا فقدان، تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کے فقدان سے منسلک ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ یونیورسٹیوں میں تحقیق اور نئی ایجادات کے فروغ کو یقینی بنائیں۔وزیراعظم نے اجلاس کے شرکاءکو ہدایات کی کہ جامعات میں اعلیٰ تعلیم کو جدید تحقیق کی مستحکم بنیاد بنانے کے لئے منصوبہ بندی کی جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ یقینی بنایا جائے کہ یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباءو طالبات صنعتوں کو درکار پیشہ ورانہ مہارتیں و ہنر رکھتے ہوں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ملک میں موجود صنعتیں یونیورسٹیوں میں انکیوبیشن سینٹر بنائیں تاکہ طلباءو طالبات کو ہم عصر تحقیق کے مواقع میسر ہوں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ایسے اقدامات سے ملک میں صنعتوں کیلئے تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم ہوگی اور صنعتی انقلاب کی راہ ہموار ہوگی۔ وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں معیاری اعلیٰ تعلیم کی مستقل فراہمی سے زندگی کے تمام شعبوں میں بہتری آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں