رانی پور میں فاطمہ قتل کیس میں رہا کیے گئے 4 ملزمان کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا
خیرپور (انتخاب نیوز) رانی پور میں بااثر پیر کی حویلی میں تشدد سے ہلاک 10 سالہ فاطمہ کے کیس میں گرفتار 4 ملزمان کو رہا کر دیا گیا۔ میڈیا پر خبر چلی تو پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، حکام نے دوبارہ گرفتار کرا دیا۔ رانی پور تشدد سے کمسن ملازمہ ہلاکت کیس میں زیر تفتیش سابق ایس ایچ او رانی پور، ڈاکٹروں اور کمپاﺅنڈر کو پولیس نے 8 روز زیر حراست رکھنے کے بعد شخصی ضمانت پر رہا کردیا تھا، جن پر سہولت کاری، غفلت برتنے سمیت دیگر الزامات ہیں اور ضرورت پڑنے پر انہیں کسی بھی وقت بلایا جاسکتا ہے۔ میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد خیرپور پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، ملزمان کو دوبارہ سے حراست میں لے کر تھانے کے اندر ملزمان کے بیٹھے ہوئے فوٹیج جاری کردی۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان تاحال زیر تفتیش ہیں جن کو رہا نہیں کیا گیا تھا، ان کی رہائی ڈی آئی جی اور تحقیقاتی کمیٹی کے احکامات پر ہوگی۔


