اداکار سوشانت سنگھ کی بہن کا دردبھرا پیغام

رواں ماہ 14جون اتوار کے روز خودکشی کرنے والے 34 سالہ نوجوان بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ کی بہن شویتا سنگھ کیرتی کی جانب سے اپنے چھوٹے بھائی کے لیے ایک جذباتی پیغام سامنے آیا ہے۔امریکا میں مقیم سوشانت سنگھ کی بہن شویتا سنگھ کیرتی نے پٹنا پہنچنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر اُس یادگار کارڈ کی تصویر پوسٹ کی جو سوشانت سنگھ نے اپنے ہاتھوں سے اپنی بہن کے لیے لکھا تھا۔شویتا سنگھ نے اپنے پیغام میں اپنے بھائی کو ’میرا بابو‘، ’میرا بے بی‘ اور ’میرا بچہ‘ سے مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج میرا بھائی ہمارے درمیان موجود نہیں ہے، میں جانتی ہوں کہ وہ بہت تکلیف میں تھا، وہ ایک بہادر فائٹر تھا جو اتنے عرصے سے اس تکلیف کو برداشت کر رہا تھا اور اکیلے ہی اس سے لڑ رہا تھا۔سوشانت سنگھ کی بہن نے لکھا کہ ’میں معذرت خواہ ہوں کہ میں تمہاری تکلیف کو ختم نہیں کرسکی، کاش میں ایسا کرسکتی اور تمہارا سارا درد لیکر بدلے میں تمہیں ساری خوشیاں دے دیتی۔اُنہوں نے لکھا کہ ’میرے بھائی تمہاری پلک جھپکتی آنکھوں نے دُنیا کو خواب دیکھنا سِکھائے، تمہاری معصوم مسکراہٹ اس بات کی گواہ تھی کہ تمہارا دل کتنا صاف و شفاف تھا۔شویتا سنگھ نے لکھا کہ ’میں ہمیشہ اپنے بچے کو اسی طرح پیار کرتی رہوں گی اور یہاں ہر ایک آپ سے غیر مشروط طور پر محبت کرتا ہے۔سوشانت سنگھ کی بہن نے اپنے دوستوں اور عزیز و اقارب کو دوسروں کے ساتھ شفقت اور محبت سے پیش آنے کی نصیحت کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے دوستوں مجھے معلوم ہے کہ ہم سب کے لیے یہ ایک آزمائشی وقت ہے لیکن میں آپ سب کو یہاں ایک نصیحت کرنا چاہوں گی کہ ہمیشہ نفرت سے بالاتر ہوکر محبت کا انتخاب کریں۔اُنہوں نے لکھا کہ ’ناراضگی سے بالاتر ہوکر ہمدردی کا انتخاب کریں، خود غرضی سے بالاتر ہوکر معافی کا انتخاب کریں، خود کو معاف کریں اور دوسروں کو بھی معاف کریں۔شویتا سنگھ نے لکھا کہ ’یہاں ہر ایک شخص اپنی لڑائی لڑ رہا ہے لہٰذا اپنے ساتھ بھی ہمدردی کریں اور دوسروں کے ساتھ بھی عاجزی اور ہمدردی کا رویہ اختیار کریں۔واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ نے 14جون اتوار کے روز ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع اپنے گھر میں خودکشی کی تھی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اداکار کا گلا پھانسی کی وجہ سے گھٹا جس کے بعد اُن کی موت واقع ہوئی۔سوشانت سنگھ کی خودکشی کے واقعے کی تحقیقات کے دوران پولیس کو ان کے گھر سے کچھ دستاویزات موصول ہوئے تھے جن کے مطابق سوشانت سنگھ ڈپریشن کا علاج کروا رہے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں