ایشیا کپ سپر مرحلہ، پاکستان نے بنگلا دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

لاہور (انتخاب نیوز) ایشیا کپ کے س±پر فور مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کے 194 رنز کے ہدف کو 3 وکٹوں کے نقصان پر 39 اعشاریہ 3 اوورز میں حاصل کرلیا۔ ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی بنگلادیشی ٹیم 38 اعشاریہ 4 اوورز میں 193 رنز پر آل آﺅٹ ہوگئی تھی، یوں پاکستان کو 194 رنز کا ہدف ملا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ 35 کے اسکور پر گری جب فخر زمان 20 رنز بناکر شریف السلام کی گیند پر آﺅٹ ہوگئے۔ گرین شرٹس کی دوسری وکٹ 74 کے اسکور پر گری، بابر اعظم صرف 17 رنز بناکر تسکین احمد کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ تیسرے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی اوپنر امام الحق تھے، 159 کے اسکور پر وہ 78 رنز بناکر بولڈ ہوگئے، ان کی وکٹ حسن مرزا کے حصے میں آئی۔ امام الحق نے 84 گیندوں کا سامنا کیا اور اس دوران 4 چھکے اور 5 چوکے لگائے تھے، انہوں نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ پر 85 رنز کی شراکت قائم کی۔ بعد ازاں محمد رضوان نے آغا سلمان کے ساتھ مل کر 40 رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ بنائی، دونوں کھلاڑی بالترتیب 63 اور 12 رنز پر ناٹ آﺅٹ واپس لوٹے۔ ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی بنگلادیشی ٹیم کی ابتدائی 4 وکٹیں صرف 47 رنز پر گر گئیں، مہدی حسن مرزا صفر، لٹن داس 14 رنز کو نسیم شاہ اور شاہین آفریدی نے میدان بدر کیا۔ اگلے دو کھلاڑیوں اوپنر محمد نعیم 20 اور توحید ہردوئے 2 رنز کو حارث روف نے میدان چھوڑنے پر مجبور کردیا۔ پانچویں وکٹ پر کپتان شکیب الحسن اور سینئر بیٹر مشفیق الرحیم نے 120 گیندوں پر 100 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں ہی کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔