ریکوڈک میں بیرک گولڈ کی سرمایہ کاری میں ہر چوتھا ڈالر بلوچستان کا ہے، جان اچکزئی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ بیرک گولڈ کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری میں سے ہر چوتھا ڈالر بلوچستان حکومت کا ہے کیونکہ معاہدے کے تحت بلوچستان 25 فیصد کا سلیپنگ پارٹنر ہے۔ انہوں نے بیرک گولڈ کمپنی کی جانب سے پاکستان میں مزید 7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کا خیر مقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید سرمایہ کاری پاکستان میں آئے گی اور حکومت سرمایہ کاروں کو بہترین ماحول و مواقع فراہم کرے گی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بیرک گولڈ ریکوڈک منصوبہ پر سرمایہ کاری کیے ہوئے ہے، اس سرمایہ کاری میں بلوچستان کی حکومت کا حصہ 25 فیصد ہے اور وفاق بھی 25 فیصد کا حصہ دار ہے اور باقی کا 50 فیصد حصہ بیرک گولڈ کا ہے۔ اس کے علاوہ وفاقی حکومت رائلٹی کی مد میں بھی رقم کی ادائیگی کو یقینی بنائے گی۔ وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ ریکوڈک پاکستان میں سونے چاندی اور تانبے کا سب سے بڑا ذخیرہ مانا جاتا ہے اور اس کا شمار دنیا کے سب سے بڑے غیر استعمال شدہ سونے کے ذخائر میں ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈین کمپنی بیرک گولڈ نے 2028ءکو ریکوڈک سے پیداوار کے آغاز کا سال قرار دیا ہے۔ پیداوار کے آغاز سے صوبے میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع میسر آئیں گے اور صوبے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ وزیر اطلاعات بلوچستان نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ معاشی حالات کی بہتری کے ساتھ ساتھ مزید سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری کیلئے راغب ہوں گے۔


