17 سال تک اقتدار میں رہنے والوں نے کیچ میں ایک ادارہ بھی تعمیر نہیں کیا، ڈاکٹر مالک بلوچ
تربت (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی نے کوشقلات میں سینئر کارکنوں اور معتبرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام منفی سیاسی عناصر کا انتخابات میں متحد ہونا ایک فطری امر ہے، عوام کو منظم ہوکر سماج دشمن عناصر کا راستہ روکنا ہوگا۔ نیشنل پارٹی ایک قومی پارٹی ہے اور بلوچستان کے عوام کے سیاسی و معاشی اور قومی حقوق کا نگہبان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سالہ اقتدار میں رہنے والے نمائندوں نے ایک پروجیکٹ بھی مکمل نہیں کیا، اس دوران کرپشن اور اقربا پروری کی انتہا کردی گئی، تمام فنڈز کو خوردبرد کیا گیا اور ملازمتیں فروخت کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کیخلاف لینڈ مافیا اور ٹوکن مافیا کو متحد کیا گیا ہے۔ لینڈ مافیا نے پانچ سال کے دوران تربت کے پانچ موضع جات کی انتظامیہ کے ساتھ ملکر اراضیات کی بندر بانٹ کی۔ یونیورسٹی اور تعلیمی اداروں کی اراضیات پر قبضہ کیا گیا، قبرستانوں پر قبضہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی تمام اراضیات کی الاٹمنٹ منسوخ کرکے بلوچستان کی ملکیت بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سترہ سال تک برسر اقتدار عناصر نے ضلع کیچ میں ایک بھی ادارہ تعمیر نہیں کیا، یہاں کے اسکول و کالج اور اسپتال سب نیشنل پارٹی کے بنائے ہوئے ہیں۔ اجلاس سے بی ایس او کے مرکزی چیئرمین بوہیر صالح، ریجنل سیکرٹری واجہ ابوالحسن بلوچ، ضلعی صدر مشکور انور، تحصیل صدریونس جاوید، سابق کونسلر محمد اسماعیل ابراہیم اور تلاوت پاک کیلئے جوادعرض محمد نے کی۔


