بجٹ خسارہ87ارب روپے ہیں کہاں سے پورا کرینگے،متحدہ اپوزیشن
کوئٹہ:متحدہ اپوزیشن نے بلوچستان کے بجٹ کوعوام دشمن قراردیتے ہوئے کہاہے کہ بجٹ میں اربوں روپے خوردبرد کیلئے رکھے گئے ہیں،سرکاری ملازمین سراپااحتجاج ہیں،بجٹ خسارہ87ارب روپے ہیں کہاں سے پورا کرینگے،اپوزیشن کی 23حلقوں کی 70لاکھ آبادی کیلئے صرف2ارب 90کروڑ کے منصوبے جبکہ 54ارب روپے کی اسکیمات تمام اپنے من پسند افراد میں بانٹ دئیے گئے ہیں۔ان خیالات کااظہار اپوزیشن ارکان اسمبلی نصراللہ زیرے ودیگر نے بجٹ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔نصراللہ زیرے نے کہاکہ آج کا بجٹ صوبے کی تاریخ کا سب سے زیادہ عوام دشمن ہے اربوں روپے کرپشن کیلئے رکھے گئے ہیں 465ارب روپے کے بجٹ میں 87ارب روپے کا خسارہ ہے حکومت اس خسارے کو کہاں سے پورا کریگی اس بار بھی یہ نااہل حکومت خسارے کا بوجھ عوام پر ڈالے گی 118ارب روپے ترقیاتی مد میں رکھے گئے ہیں جن میں 68ارب روپے جاری اسکیمات جبکہ 57ارب روپے نئے اسکیمات کیلئے رکھے گئے ہیں،نئے اسکیمات میں اپوزیشن کی 23حلقوں جو صوبے کی 70لاکھ آبادی کی نمائندگی کررہی ہے کیلئے صرف اورصرف2ارب 90کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جبکہ 54ارب روپے اپنے من پسند کیلئے رکھے گئے ہیں تاکہ وہ کرپشن کرسکیں،پی ایس ڈی پی میں ایسے اسکیمات ہیں جو ایک سال پہلے مکمل ہوچکے ہیں اس کیلئے کروڑوں روپے رکھے گئے ہیں کرپشن کابازار گرم ہے جس کو ہم مکمل عوام دشمن قراردیتے ہیں ملازمین کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا،اپوزیشن کی ترقیاتی اسکیمات بجٹ سے غائب کردئیے گئے ہیں انہوں نے کہاکہ کیا ہمارے حلقوں میں تعلیم،پانی اور صحت کی سہولیات کی ضرورت نہیں ہے 70لاکھ لوگوں کیلئے ایساکوئی منصوبہ نہیں کہ جس سے لوگوں کوفائدہ حاصل ہو اس کے خلاف ہم احتجاج شروع کرینگے۔


