ہنہ اوڑک کے عوام جبری قبضے کیخلاف سراپا احتجاج ہیں، حکومت مسئلہ حل کرے، پشتونخوا میپ
کوئٹہ (آن لائن) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے مضافات میں واقع ہنہ اوڑک کے علاقے میں عوام ایک بار پھر سیکورٹی فورسز کی دشمنی پر مبنی اقدامات کےخلاف سراپا احتجاج ہے۔ پارٹی عوام کے جائز مطالبات کی حمایت کرتی ہے اور عوام کے مطالبات کو تسلیم کیئے جائیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تقریباً 70سال قبل ہنہ کے پانی کا جو معاہدہ ہوا تھا اس معاہدے کا وقت پورا ہوچکا ہے ، نئے سرے سے مل بیٹھ کر مسئلے کاحل نکالنا ہوگا۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی ہنہ اوڑک کے جائز مطالبات کی حمایت کرتی ہے اور مسائل کو باہمی گفت وشنید سے حل کرنے کا مطالبہ کرتی ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پچھلے سال کے سیلابوں سے ہونیوالے نقصانات کا اب تک کوئی ازالہ نہیں کیا گیاجس کے باعث پہلے ہی عوام بدترین مشکلات سے دوچار ہیں اور تمام انفراسٹریکچر مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہنہ اوڑک کے عوام کی بلا پہمودہ زمینوں اوران کے وسائل کو زبردستی قبضے کی اجازت ملکی قوانین میں نہیں ہے ملکی قوانین کے برخلاف اقدامات ناقابل قبول ہیں ۔


