کورونا سےجاں بحق 75 فیصد افراد پہلے سے کسی بیماری میں مبتلا تھے،ظفرمرزا

اسلام آباد: معاون خصوصی صحت ظفرمرزا کا کہنا ہے کہ کورونا سےجاں بحق ہونے والے 75 فیصد افراد پہلے سے کسی بیماری میں مبتلا تھے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ظفرمرزا نے کہا کہ کورونا وائرس سے3 ہزار 500پاکستانی جاں بحق ہوچکے ہیں، تقریباً 72 فیصد جاں بحق افراد کی عمر 50 سال سے زائد تھی، 70سے 75 فیصد افراد پہلے سے کسی بیماری میں مبتلا تھے، کورونا سے جاں بحق افراد کو بلڈ پریشر ،ذیابطیس یا دل کے عارضے تھے۔
ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ بیمارافراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے زیادہ امکانات ہوتے ہیں، کورونا سے بچنے کیلئے بزرگوں اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھنا ہے وزارت صحت نے بزرگ افراد کے لئے گائیڈ لائنز بنائی ہیں۔ کورونا وائرس سے بچاوَ کے لئے 5 چیزوں کا خیال رکھنا ہے، کورونا سے بچاوَ کے لئے ماسک کا استعمال انتہائی ضروری ہے، پرہجوم جگہ پر کسی بھی قسم کا ماسک پہننا ضروری ہے، گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے گریز کریں، دوسروں سےکم ازکم 6 فٹ کا فاصلہ رکھیں، ہاتھوں کو 20 سیکنڈ تک بار بار دھونا انتہائی ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں