مغربی ممالک کی جانب سے یوکرین کو فراہم میزائلوں کا بڑا ذخیرہ تباہ کردیا، روس کا دعویٰ

ماسکو (این این آئی) روسی افواج نے مغربی ممالک کی جانب سے یوکرین کو فراہم کیے گئے میزائلوں کی بڑی کھیپ کو تباہ کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارت دفاع نے اپنے ایک بیان میں یہ دعوی کیا ہے کہ یوکرین کے کروز میزائلوں اور یورینیم کے گولوں کو سلسلہ وار حملوں میں تباہ کردیا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ روسی افواج نے یوکرین کے مختلف اہداف پر 12 حملے کیے جن میں روسی فوج کی جانب سے بنائے گئے اہداف میں یوکرین کے طیاروں اور بکتر بند گاڑیوں کی مرمت کی تنصیبات، آئل ریفائنری، گولہ بارود اور غیر ملکی ساختہ اسلحے کے ڈپو کو نشانہ بنایا گیا۔اس کے علاوہ یوکرائنی تخریب کاروں کے تربیتی مراکز اور غیرملکی کرائے کے فوجیوں کے زیر قبضہ رہائشی علاقے بھی تباہ کردیئے گئے ہیں۔ترجمان وزارت کے مطابق ان حملوں کے دوران طویل فاصلے تک مار کرنے والے زمینی اور فضا میں مار کرنے والے میزائل اور ڈرونز کا استعمال کیا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں یوکرین کی مسلح افواج کے لاجسٹکس سسٹم کو کافی نقصان پہنچا جو کہ خیرسن اور زاپوروزے ریجن کی سمتوں میں کام کر رہے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں