افغانستان میں زلزلے سے اموات 2 ہزار 425 ہو گئیں، پاکستان کا میڈیکل ٹیم بھجوانے کا فیصلہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان میں 2 روز قبل آنے والے زلزلے کے نتیجے میں اموات کی تعداد 2 ہزار 425 ہو گئی ہے۔افغان عبوری حکومت کے مطابق زلزلے سے 9 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔افغان حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے ہونے والی اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔افغان حکام کے مطابق زلزلے سے ڈیڑھ ہزار مکانات تباہ یا نقصان کا شکار ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ افغانستان کے مغربی صوبے ہرات میں 2 روز قبل 6.3 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق زلزلے کی گہرائی 76 کلو میٹر تھی جبکہ مرکز شمال مغربی افغانستان تھا۔دوسری جانب افغانستان میں آنے والے زلزلے سے تباہی کے بعد حکومت پاکستان نے میڈیکل ٹیم اور ادویات افغانستان بھجوانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔وفاقی وزارت صحت کے مطابق 10 رکنی میڈیکل ٹیم سرجنزاور میل نرسز پرمشتمل ہوگی، جن میں 2 نیورو سرجنز، 2 آرتھوپیڈک سرجنز اور ایک جنرل سرجن شامل ہوگا۔ ؔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹیم میں پانچ میل نرس بھی شامل ہوں گے جبکہ میڈیکل ٹیم نگراں وزیراعظم کی ہدایت پرافغانستان روانہ کی جا رہی ہے۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اگرمزید ادویات اور ڈاکٹروں کی ضرورت پڑی تو انہیں بھی افغانستان بھجوایا جائے گا۔حکام نے کہا کہ غزہ کے لیے میڈیکل ٹیم اورادویات بھجوانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔


