شام میں کرد جنگجوﺅں کے علاقے پر ترک فوج کے حملے، 20 جاں بحق، متعدد زخمی
دمشق (آن لائن) ترک فوج نے شام میں کرد جنگجووں کے علاقے پر حملے کیے جس میں 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ترکیہ کے جنگی طیارے نے کرد جنگجووں کے شام میں بنائی گئی خودساختہ ریاست میں ایک فوجی تربیتی مرکز کو نشانہ بنایا۔ترکیہ کے اس حملے میں 20 کرد جنگجو ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے 15 کی حالت تشویشناک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ شام میں داعش اور حکومتی افواج کے درمیان طویل عرصے سے جاری خانہ جنگی کے درمیان ملک کے شمال مشرقی علاقے میں کردوں نے اپنی ایک نیم خودمختار ریاست قائم کرلی ہے۔ترکیہ میں بھی یہ علیحدگی پسند کردستان ورکرز پارٹی (PKK) کے نام سے کام کر رہے ہیں جسے ترک اور اس کے مغربی اتحادیوں نے دہشت گرد گروپ کے طور پر درج کیا ہے۔یہ علیحدگی پسند جنگجو ترکیہ میں مختلف کارروائیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔


