،پیپلز پارٹی کسی کی ذاتی جاگیر نہیں، بلوچستان کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھیں گے، سلیم مانڈی والا

کوئٹہ (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈی والا،صوبائی صدر میرچنگیز خان جمالی ،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑنے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو بلا رنگ ونسل عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ،پیپلز پارٹی کسی کی ذاتی جاگیر نہیں ہے بلکہ ہم سب ایک خاندان کی مانند ہیں سب ملکر پارٹی کی فعالیت کیلئے کام کریں ،پاکستان پیپلز پارٹی نے ماضی میں بلوچستان کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھا انشائ اللہ آنے والے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے دوبارہ صوبے کے عوام کی خدمت کریگی۔ یہ بات انہوں نے منگل کو پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر پیپلز پارٹی کے صوبائی ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری قاسم خان اچکزئی ،صوبائی آفس سیکرٹری اختر بلوچ ،محی الدین رند، سردارعمران بنگلزئی ، سردار سرور سلیمانخیل ، شاہجہا ن گجر ، جہانگیر بلوچ ،شمس حمزہ زئی سائرہ خان ، صبیحہ طاہرہ نے بھی خطاب کیا۔اس سے قبل صبیحہ طاہرہ نے اپنی خواتین ساتھیوں سمیت پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صوبائی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سلیم مانڈی والا نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک ہی مقصد ہے وہ عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت ہے پارٹی جب بھی برسراقتدار آئی ہے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پراقدامات اٹھائے۔انہوں نے کہاکارکن پیپلز پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جنہیں انکا جائز مقام ہرصورت دیا جائے گا کارکن پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ جلد ہی بلوچستان سے تعلق رکھنے والے وفد کی پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کرائی جائے گی اور کوشش کریں گے کہ دونوں قائدین جلد بلوچستان کا تفصیلی دورہ کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی میں خواتین کو بہت عزت و قدر کی نگاہ سے دیکھاجاتا ہے پارٹی واحد جماعت ہے جس نے شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کو پاکستان کا وزیراعظم بنایا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے قائدین سے ماضی میں جو غلطیاں ہوئیں اس سے قائدین نے سبق سیکھا ہے اور انکی کوشش ہے کہ آئندہ وہ غلطیاں نہ ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں جیالوں کو ٹکٹ دیئے جائیں گے کارکن پارٹی کی ممبر شپ کو بڑھانے کیلئے اپنا کردارادا کریں۔ صوبائی صدر میرچنگیز جمالی،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ اوردیگرنے کہا کہ ہم پارٹی سیکرٹریٹ آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان میں فعال اور منظم ہے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے بھر پور کامیابی حاصل کی انشائ اللہ آنے والے عام انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی صوبے سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔انہوں نے کہا کہ جب سے پیپلز پارٹی بلوچستان کی کابینہ بنی ہے صوبے میں گراس روٹ لیول پرپارٹی کو فعال بنانے کیلئے کوشاں ہے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کو بلوچستان کے دورے کی دعوت دی ہے ہماری سابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈی والا سے بھی اپیل ہے کہ وہ دونوں قائدین کے دورہ بلوچستان کیلئے اپنی کوششیں کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں