جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 2215 تک پہنچ گئی،فلسطینی وزارت صحت
غزہ ( صباح نیوز ) فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیل کے حملوں کے نتیجے میں شہید فلسطینیوںکی تعداد 2215 تک پہنچ گئی ہے ان میں734 بچے اور458 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 8714 افراد زخمی ہوئے ہیں۔زخمیوں میں2450 بچے اور 1550 خواتین بھی شامل ہیں ۔ شمالی غزہ سے فلسطینی شہری جنوب کی طرف جا رہے ہیں۔ گزشتہ روز اسرائیل نے فلسطینیوں کو شمالی غزہ خالی کرنے کا حکم دیا تھا جس پر اقوام متحدہ اور دیگر کئی انسانی امدادی اداروں نے اسرائیلی حکام سے نظرثانی کرنے کی اپیل کی ہے۔بڑے پیمانے پر انخلا کے مطالبے پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے اسے انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔غزہ سٹی اور قریبی علاقے کو خالی کرنے کے اسرائیلی حکم پر عمل کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس سمیت کئی عالمی رہنماں نے ناقابلِ عمل قرار دیا ہے۔عالمی امدادی اداروں نے اس حکم کو بین الاقوامی قانون کے خلاف اور بچوں، خواتین اور بوڑھوں سمیت عام شہریوں کو دی جانے والی اجتماعی سزا قرار دے کر مذمت کی ہے۔اقوام متحدہ کے ماہرین نے بھی انخلا کے اسرائیلی حکم کی مذمت کی ہے۔انسانی حقوق پر اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر پالا گویریا بیتنکور نے کہا کہ زبردستی عام شہریوں کا انخلا انسانیت کے خلاف جرائم میں آتا ہے اور بین الاقوامی قانون کے تحت اجتماعی سزا کی ممانعت ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے غزہ کے لیے فوری انسانی امداد کی رسائی کا مطالبہ کیا جس میں خوراک، پانی اور ایندھن کی ترسیل شامل ہے جس کی علاقے میں اشد ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عام شہریوں کا تحفظ کیا جائے۔


