اوتھل، بارش کے بعد سڑکیں، گلیاں اور محلے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے
اوتھل(نمائندہ انتخاب)گزشتہ شب ضلعی ہیڈ کوارٹر اوتھل میں بارش کے باعث بازار کی سٹرکیں، گلیاں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں ایک بارش نے میونسپل کمیٹی اوتھل کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے ۔واضح رہے کہ اوتھل کے نواحی علاقوں اور بیلہ سے ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوتھل اسی روڈ سے ہی لے جایا جاتا ہے لیکن میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران نے ایک معمولی حصے سے پانی نکال کر صرف فوٹو سیشن کراکے اپنی کارکردگی ظاہر کرکے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی لیکن پورے روڈ سے ہنوز بارش کے پانی کو نہ نکالا جاسکا، میونسپل کمیٹی کے چیئرمین کو عہدہ سنبھالے کئی ماہ ہوگئے ہیں سوائے فوٹو سیشن کے انکا کوئی کردار نظر نہیں آرہا جبکہ میڈیکلی ان فٹ چیف آفیسر کا بھی کوئی خاص کردار نظر نہیں آرہا اگر کسی کام کے حوالے سے چیف آفیسر سے رابطہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تو موصوف نے اپنا ایک ترجمان رکھا ہوا ہے جو اسے تمام صورتحال سے آگاہ کرتا ہے اور وہ تمام ذمہ داری چیئرمین میونسپل کمیٹی پر ڈال کر اپنے پاس اختیار نہ ہونے کا رونہ روتے ہیں اس حوالے سے انتہائی باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے دورہ اوتھل کے موقع پر کافی لوگوں نے میونسپل کمیٹی اوتھل کے خلاف جام کمال خان سے شکایات کیں اور میونسپل کمیٹی کے چیئرمین، چیف آفیسر کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیا جس پر جام کمال خان نے میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران کو عوام کی خدمت اور میونسپل کمیٹی کی کارکردگی کو بہتر کرنے کی سختی سے ہدایت کی لیکن اس کے باوجود میونسپل کمیٹی اوتھل عوام کو کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے۔


