طوفان الاقصیٰ آپریشن اسرائیلی مظالم کے ردعمل میں ممکن ہوا، مسلم امہ فلسطینیوں کی حمایت کرے، ایران

کوئٹہ (آن لائن) قونصلیٹ جنرل اسلامی جمہوریہ ایران کے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی عوام کو مسلم ممالک کی حمایت کی ضرورت ہے ان دنوں دنیا مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ رویے کا مشاہدہ کر رہی ہے۔ غاصب اسرائیلی حکومت کی بمباری میں اب تک 3000 کے قریب بے گناہ فلسطینی مارے جا چکے ہیں جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں اور زخمیوں کی تعداد 9000 سے تجاوز کر چکی ہے۔1969 میں اس وقت کی اسرائیلی وزیر اعظم گولڈا میئر نے کہا تھا، ”فلسطینی قوم نام کی کوئی چیز نہیں ہے، اور نہ کبھی ہوگی۔” اسرائیل میں اس طرح کے خیالات اب بھی بہت عام ہیں۔ طوفان الاقصیٰ آپریشن مزاحمتی گروہوں اور مظلوم فلسطینی عوام کے اپنے ناقابل تردید حقوق کے دفاع کے لیے ایک بے ساختہ کارروائی تھی۔یہ صہیونیوں کی جارحانہ اور اشتعال انگیز پالیسیوں خاص طور پر غاصب رڑیم کے مہم جو اور انتہاپسند وزیراعظم کے خلاف فلسطینیوں کا فطری ردعمل ہے۔طاقت اور تشدد کے ذریعے کسی قوم کی سر زمین کو ان سے چھیننے اور انہیں انکے گھروں سے بے دخل کرنا، ممکن نہیں۔ تقریباً 30 لاکھ لوگ ایک چھوٹے سے شہر کے برابر زمین میں قید ہیں اور زندگی کی بہت سی نعمتوں سے محروم ہیں اور ان سے آزادی اور باعزت زندگی کا حق چھین لیا گیا ہے۔ صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے، روزانہ کی بنیاد پر جارحیت اور منظم دہشتگردی کے خلاف فلسطینی قوم کا اپنے ناقابل تردید حقوق اور اپنی سرزمین کا دفاع تمام تسلیم شدہ بین الاقوامی معیارات اور قوانین کے بنیادی اصولوں کے مطابق ایک فطری اور جائز عمل ہے۔لہٰذا ان دنوں غزہ اور مقبوضہ علاقوں میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کی اصل ذمہ داری اسرائیل کی قابض حکومت پر عائد ہوتی ہے جو نسل پرستانہ طریقے سے تمام بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی اداروں کی درخواستوں اور انتباہات کو نظر انداز کرتی ہے۔حالیہ مہینوں اور ہفتوں میں انتہا پسند اور نسل پرست صیہونیوں کے ہاتھوں مسلمانوں کے قبلہ اول کی مسلسل بے حرمتی اور مظلوم فلسطینی عوام بالخصوص خواتین، بچوں اور اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کی قتل وغارتگری اور جرائم کی پالیسی کا تسلسل ہے۔ بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کے جعلی محافظوں کی خاموشی اور بے حسی نے فلسطینی قوم اور مزاحمتکاروں کے لیے مزاحمت اور اپنی طاقت پر بھروسہ کرنے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں چھوڑا۔اسلامی ممالک اور دنیا کے آزاد انسانوں کو 75 سال سے جاری فلسطینی غاصبوں کے جرائم کے خلاف اپنے دفاع کے لیے فلسطینیوں کے ذاتی اور قانونی حق پر زور دینا چاہیے اور فلسطینیوں کے خلاف تشدد اور جرائم کے تسلسل اور ان میں اضافے کا ذمہ دار صہیونی غاصبوں اور ان کے حامیوں کو ٹھہرانا چاہیے اور مسجد اقصیٰ اور فلسطینی عوام کے ناقابل تردید حقوق کی حمایت کرنی چاہیے۔ اسلامی تعاون تنظیم کا جلد از جلد ایک غیر معمولی اجلاس منعقد کرنے کی کوشش کی جائے تاکہ ان ممالک کے سربراہان فلسطینی قوم کی نازک صورتحال پر تبادلہ خیال کرسکیں اور فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی بین الاقوامی جرائم کے حوالے سے کوئی ٹھوس اور فیصلہ کن اقدام کر سکیں۔ صہیونی اپنی اور مغربی میڈیا کو مظلوم اور ظالم کے مفہوم کو الٹا ظاہر کرنے اور عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔قرآن پاک میں خدائی وعدے کی بنیاد پر ہمیں یقین ہے کہ اس میدان میں بالآخر مظلوموں کی ہی فتح ہوگی اور انشائ اللہ فلسطینی قوم کی فتح اور مقدس شہر کی آزادی ہماری مقدر بنے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں