ٹرانسپورٹروں کی رائے سے کرایوں میں کمی کی جائے گی، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی

کوئٹہ(آن لائن)نگران صوبائی حکومت کے احکامات اور کمشنر کوئٹہ ڈویڑن کی ہدایت پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ ڈویڑن وحید شریف عمرانی کے زیر صدارت پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے حوالے سے ٹرانسپورٹرز کاایک اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں لوکل بس فیڈریشن،سریاب لوکل بس ایسوسی ایشن ،کچلاک بس یونین،آل کوئٹہ رکشہ یونین،مزدا بس ایسوسی ایشن ،پشین بس ایسوسی ایشن اور دیگر متعلقہ ٹرانسپورٹ یونین کے عہدیداران اور نمائندگان موجود تھے۔اجلاس میں تمام ٹرانسپورٹرز نے متفقہ طور پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کرنے کی یقین دھانی کرائی۔اس موقع پر ٹرانسپورٹرز نے سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ کو اپنے مسائل اور تحفظات سے آگاہ کیا جس پر سیکرٹری آر ٹی اے نے انہیں حل کرنے کی یقین دھانی کرائی اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ وحید شریف عمرانی نے کہاکہ نگران صوبائی حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام عوام کو دینا چاہتی ہے اس سلسلے میں ٹرانسپورٹرز حضرات انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کریں۔انہوں نے کہاکہ تمام ٹرانسپورٹرز سے رائے لیکر کرایے نامہ جاری کریں گے تاکہ عوام کو ریلیف اور ٹرانسپورٹرز کو سہولت ہوسکے۔اس کے علاہ تمام پبلک ٹرانسپورٹ یونینز کرایوں میں کمی کے لیے اقدامات کریں،انہوں نے کہاکہ تمام ٹرانسپورٹرز کرایہ نامہ اپنی گاڈیوں کے فرنٹ شیشے پر آویزاں کریں تاکہ لوگوں کو آسانی ہوسکے۔اس کے علاہ لوکل بسوں میں طلبا اور چھوٹے بچوں کو پیچھے لٹکانے سے گریز کریں تاکہ کوئی حادثہ پیش نہ آئے۔انہوں نے کہاکہ تمام ٹرانسپورٹرز سرکاری کرایہ نامہ پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عام عوام تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں