حکومت بلوچستان پاکستان بھر میں بین المذاھب ہم آہنگی کانفرنسوں کا سلسلہ شروع کر رہی ہے ، جان اچکزئی
کوئٹہ( این این آئی) نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان اپنے اعلان کردہ پروگرام کے مطابق ملک بھر میں بین المذاھب ہم آہنگی کانفرنسوں کا سلسلہ شروع کر رہی ہے اس سلسلے کی پہلی کانفرنس کوئٹہ میں منعقد کی جا رہی ہے اور دوسری کانفرنس 23 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی اور اس کے بعد کراچی اور ملک کے دوسرے شہروں میں بھی بین المذاھب ہم آہنگی کانفرنس منعقد کی جائیں گی۔ کوئٹہ میں منعقد کی جانے والی کانفرنس حکومت بلوچستان اور جیو آرگنائزیشن بلوچستان کے باہمی اشتراک سے 30 اکتوبر 2023 کو منعقد کی جائے گی۔ کانفرنس کا افتتاح مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کریں گے اور صدارت نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کریں گے۔ جیو آرگنائزیشن کی نمائندگی صدر جیو آرگنائزیشن بلوچستان ذین العابدین کریں گے۔ پروگرام میں شرکت کے لیے تمام مقاطب فکر کے افراد، مذہبی سکالرز، علمائ کرام اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو باضابطہ شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ کانفرنس کے انعقاد مقصد صوبے میں بین المذاھب ہم آہنگی کو فروغ دے کر ایک مثالی معاشرے کی تشکیل کو یقینی بنانا ہے۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ دنیا کے تمام مذاہب بھائی چارے اور یگانگیت کا درس دیتے ہیں ہم اسلامی تعلیمات پر عملدرآمد کرتے ہوئے بین المذاھب ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔


