اسرائیل طاقت کے گھمنڈ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے، کوئٹہ میں سول سوسائٹی کا احتجاج
کوئٹہ (آن لائن) سول سوسائٹی کے زیر اہتمام غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم عالمی و جنگی قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف جمعہ کو بلوچستان یونین آف جرنلسٹ کوئٹہ پریس کلب کے تعاون سے مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سول سوسائٹی کے نمائندہ علا? الدین خلجی، بلوچستان یونین آف جرنلسٹ کے جنرل سیکرٹری منظور رند، کیسکو لیبر یونین کے رہنمائ پیر محمدکاکڑ ، بجار خان مری، بہرام خان لہڑی، زین الدین خلجی ، فاطمہ ننگیال، فوزیہ بی بی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کھلی جارحیت کرتے ہوئے نہتے فلسطینیوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اسرائیل طاقت کے گھمنڈ میں ہسپتالوں، تعلیمی اداروں ، رہائشی علاقوں پر بمباری کرکے سینکڑوں فلسطینیوں کی قتل و غارت گری میں مصروف ہے عالمی برادری اور مسلمان ممالک نے تا حال صرف لفاظی طور پر ان ناروا اقدامات کی مذمت اور مخالفت کی ہے کسی بھی مسلم ممالک یا حکومت نے فلسطینیوں کی عملی طور پر مدد کرنے کے لئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔ فلسطینیوں کی غزہ میں جس طرح قتل و غارت گری جاری ہے اور راستے بند کرکے لوگوں کو کھانے پینے اور دیگر ضروریات زندگی کی نقل و حرکت سے محروم رکھا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ آج سول سوسائٹی جس طرح بلوچستان کے صحافیوں کے ساتھ ملکر اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہے اسی طرح ملک بھر میں اسرائیلی مظالم کے خلاف اور فلسطینیوں کی حمایت میں اکٹھے ہوکر مدد کرنا ہوگی۔ تاکہ ان مسائل سے چھٹکارا دلایا جاسکے۔ مقررین نے کہا کہ انسانی حقوق کے علمبرداروں کی خاموشی باعث تشویش ہے او آئی سی اور دیگر عالمی امت مسلمہ کے اداروں کو اس نازک صورتحال میں جہاں پر معصوم بچوں، خواتین کی قتل وغارت گری ہورہی ہے اس پر خاموشی توڑ کر آگے بڑھنا ہوگا تاکہ فلسطینیوں کو ان مظالم سے چھٹکارا دلایا جاسکے۔ مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔


