حکومت نے تمام ائیرلائنز کو پاکستان آنے کی اجازت دیدی
اسلام آباد:حکومت نے تمام ائیرلائنز کو پاکستان آنے کی اجازت دیتے ہوئے کہاہے کہ27 جون سے جو مسافر پاکستان سے باہر جائیگا تو ائیرپورٹ پر اس کی اسکریننگ کی جائیگی اور پاکستان سے باہر جانے والے اگر بیمار ہیں یا ان میں علامات ہیں تو وہ ائیر پورٹ نہ آئیں،26 سے 30 جون تک 270 پروازیں پاکستان آئیں گی جن کے ذریعے 40 سے 45 ہزار پاکستانی واپس آئیں گے۔ اتوار کومیڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی معید یوسف نے بتایا کہ تمام ائیر لائنز کو پاکستان آنے کی اجازت دے دی ہے، 27 جون سے جو مسافر پاکستان سے باہر جائیگا تو ائیرپورٹ پر اس کی اسکریننگ کی جائے گی اور پاکستان سیباہر جانے والے اگر بیمار ہیں یا ان میں علامات ہیں تو وہ ائیر پورٹ نہ آئیں۔انہوں نے کہا ایسی بات نہیں ہے کہ پاکستان سے جانے والے ہر مسافر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہو، پاکستان سے بیرون ملک جانے والے کچھ افراد میں کورونا مثبت آیا ہے جس پر کچھ ممالک کے تحفظات ہیں۔معید یوسف نے کہا کہ بڑی تعداد میں پاکستانی واپس آرہے ہیں اور وزیراعظم کی بھی ہدایات ہیں کہ بیرون ملک میں پھنسے محنت کشوں کوترجیحی بنیادوں پر واپس لایا جائے،26 سے 30 جون تک 270 پروازیں پاکستان آئیں گی جن کے ذریعے 40 سے 45 ہزار پاکستانی واپس آئیں گے، 2 سے 3 ہفتوں میں اپنے تمام بیرون ملک پاکستانیوں کوواپس لانیمیں کامیاب ہوجائیں گے۔معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات ہیں کہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل حل کیے جائیں، بیرون ملک جانے والے مسافروں کی اسکریننگ ہوگی،بحیثیت ذمے دار قوم ہم اسکریننگ کا عمل سخت کریں گے، بیرون ملک جانے والے مسافر متعلقہ ملک کی پالیسی کے مطابق سفر کریں۔


