نگران حکومت کا رواں مالی سال نئے ترقیاتی منصوبے شروع نہ کرنے کا اعلان
اسلام آباد (آن لائن) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی حکومتی اخراجات میں کمی کی کڑی شرط کو سامنے رکھتے ہوئے نگران حکومت نے بجٹ خسارے میں کمی کیلئے اخراجات میں کمی کا بڑا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق نگران حکومت نے رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے نئے منصوبے شروع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت صرف جاری ترقیاتی منصوبوں کی ہی مالی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہےکہ ملک کی مشکل مالی صورت حال دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے بھی تجویز کی حمایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق بجلی،گیس،گندم اور کھاد کی سبسڈی میں صوبوں سے آبادی کے تناسب سے حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، صوبائی حکومتوں کے کہنے پر گندم اور یوریا کھاد درآمد کی گئی، ٹریڈنگ کارپوریشن کے اجناس کی درآمد کے واجبات 2 ہزار ارب روپے سے زائد کے ہیں اور صوبائی حکومتوں نے گزشتہ کئی سال سے اپنا حصہ ادا نہیں کیا۔


