نواز شریف کی واپسی مثبت تبدیلی ہے، الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے، یار محمد رند

جیکب آباد(آئی این پی ) سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند نے کہاہے کہ میاں نواز شریف کی وطن واپسی مثبت تبدیلی اور اچھا فیصلہ ہے لیکن اب میاں نواز شریف کو یہ سوچنا ہوگا کہ ملک معیشت کو کیسے بہتر کیا جائے۔ جس طرح میاں صاحب نے اپنی تقریر میں خوبصورت بات کی ہے کہ میری زندگی کے 40سال کا تجربہ ہے کہ آپ اپنے ملک میں ایک دوسرے سے لڑ کر کبھی ترقی نہیں کرسکتے اگر ان کی یہی سوچ ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ بہت اچھی سوچ ہے اور مجھے یقین ہے کہ چوتھی بار جلا وطنی کی زندگی میں انہوں نے بہت کچھ سیکھ لیا ہوگا اب ملک کی بڑی سیا سی جما عتیں ملک کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے پلا ننگ کریں تا کہ الیکشن میں جو بھی جما عت برسر اقتدار آئے وہ عوام اور ملک کی بہتری کے لیے اچھے فیصلے کر سکے تاکہ عوام میں پائی جانے والی ما یوسی کا خاتمہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شوران بلوچستان میں صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سینئر صحافی جاوید رند، حاجی سعید الدین طارق، سید طاہر علی اور دیگر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پا کستان ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر کے عوام میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ کرے عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والی جمہو ری حکومت ہی ملک و قوم کی بہتری کے لیے بہتر فیصلے کر سکتی ہے کیونکہ مو جودہ مہنگائی کی وجہ سے غریبوں کا چولہا بجھ چکا ہے اس کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں فوری عام انتخابات ہوں تا کہ منتخب ہونیوالی حکومت ایک جمہوری طریقے سے ملک کے معاملات چلا سکے۔ سردار رند نے کہا کہ فی الحال کسی سیا سی جما عت میں جانے کا فیصلہ نہیں کیا آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لوں گا اور اگر کسی سیاسی جماعت میں جانے کا فیصلہ کیا تو اپنے حلقہ انتخاب کے لو گوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں