طالب جوہری کا انتقال کورونا کے باعث ہوا، مفتی نعیم کا ٹیسٹ نہیں ہوا تھا،مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انکشاف کیا کہ مرحوم مفتی نعیم کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ نہیں ہوا تھا لیکن ان کے اہلخانہ کے تمام افراد کورونا وائرس کے مریض ہیں جبکہ علامہ طالب جوہری کا وائرس کے باعث انتقال ہوا۔

سندھ اسمبلی کے فلور پر کورونا وائرس سے متعلق صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘کیا اس طرح اپنے اثاثے گنوادیں گے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘جہاں تک مجھے معلوم ہے کہ مفتی نعیم کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ نہیں ہوا تھا’۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ‘جب میں نے دیگر لوگوں سے اس بات کا تذکرہ کیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں تو جانا ہی تھا’۔

واضح رہے کہ 24 جون کو معروف عالم دین اور ذاکر علامہ طالب جوہری طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔

وہ ایک نجی ہسپتال میں 15 روز سے ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں زیر علاج تھے۔

اس سے قبل 20 جون کو جامعہ بنوریہ العالمیہ کراچی کے مہتمم مفتی محمد نعیم انتقال کر گئے تھے۔

وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے تردید کی ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منور حسن کورونا وائرس سے جاں بحق نہیں ہوئے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس سے متعلق گفتگو کے دوران انہوں نے کہا تھا طالب جوہری اور سید منور حسن کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے۔

خطاب کے آخری لمحات میں انہیں ایک پرچی دی گئی جس کے بعد انہوں نے اپنے بیان کی تردید کی اور کہا کہ ‘ان سے غلطی ہوگئی سید منور حسن کو کورونا وائرس نہیں تھا’۔

خیال رہے کہ 26 جون کو جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منور حسن طویل علالت کے بعد حرکت قلب بند ہوجانے سے 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں