گندم اور یوریا کی متوقع امپورٹ گوادر پورٹ سے کی جائے، شپنگ کلیئرنگ ایجنٹس

گوادر (انتخاب نیوز) آل گوادر شپنگ کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرحیم ظفر ، جنرل سیکرٹری انجینئر حمید بلوچ اور ممبر فیصل دشتی پر مشتمل وفد نے اسلام آباد میں وزیر صنعت و تجارت گوھر اعجاز سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور گوادر پورٹ کے آپریشنل ہونے کے سلسلے میں تفصیلی بات چیت کی۔ وفد نے وزیر تجارت سے مطالبہ کیا کہ حالیہ ای سی سی سے منظورکردہ گندم اور یوریا کی متوقع امپورٹ گوادر پورٹ سے کی جائے تاکہ کراچی کے ساتھ ساتھ گوادر پورٹ بھی کل وقتی طور پر آپریشنل رہے اور مقامی تمام اسٹیک ہولڈرز کو روزگار میسر ہو۔ وزیر تجارت نے اصولی طور پر ان مطالبات سے اتفاق کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ان متوقع امپورٹ کا کچھ حصہ گوادر لایا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ بلوچستان حکومت سے بھی مطالبہ کریں کہ وہ اپنے حصے کی گندم اور یوریا کیلئے فنڈ مہیا کریں تاکہ مرکزی حکومت کا بوجھ کچھ کم ہوسکے۔ وفد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے بھی ملاقات کرنے کی بھرپور کوشش کرے گا تاکہ گوادر پورٹ کے مستقل آپریشنل ہونے کے سلسلے میں ان کو بھی زمینی حقائق سے آگاہ کرتے ہوئے متوقع گندم اور یوریا کو بذریعہ گوادر پورٹ امپورٹ کرنے کی درخواست کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں